نئی دہلی9دسمبر(سیاست ڈاٹ کام )درج فہرست ذات و قبائل(ایس سی/ ایس ٹی ) کے لئے لوک سبھا اور ریاستوں کی اسمبلیوں میں ریزرویشن جاری رکھنے کے لئے حکومت نے ‘ 126واں آئینی ترمیمی بل’پیر کو لوک سبھا میں پیش کیا۔قانون اورانصاف کے وزیر روی شنکر پرساد نے ایوان میں یہ بل پیش کیا۔انہوں نے کہاکہ ایس سی/ ایس ٹی کے لئے لوک سبھا اور اسمبلیوں میں سیٹیں ریزرو کرنے کا التزام فی الحال 25جنوری تک کے لئے ہے ۔اسے 10سال کے لئے اور بڑھانے کے مقصد سے یہ بل لایاگیاہے ۔وہیں ،ترنمول کانگریس کے سوگت رائے نے یہ کہتے ہوئے بل پیش کئے جانے کی مخالفت کی کہ اس مین اینگلو -انڈینوں کے لئے لوک سبھا میں دو اور ریاستوں کی اسمبلیوں میں نو سیٹوں پر نامزدگی کا التزام ختم کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آئین ساز ڈاکٹر بھیم راو امبیڈکر اور ملک کے پہلے وزیراعظم پنڈت جواہر لال نہرو نے آئین کے آرٹیکل 334کے ذریعہ ایس سی/ ایس ٹی اور ینگلو انڈینوں کے لئے سیٹیں ریزرو رکھنے کا انتظام کیاتھا۔