ایس سی تحفظات میں 18 فیصد اضافہ، خانگی کمپنیوں میں تحفظات کی فراہمی

   

چیوڑلہ میں کانگریس کے ایس سی، ایس ٹی ڈیکلریشن کی اجرائی، ملکارجن کھرگے ، ریونت ریڈی اور اتم کمار ریڈی کی شرکت

حیدرآباد۔/27 اگسٹ، ( سیاست نیوز) صدر کانگریس ملکارجن کھرگے نے تلنگانہ اسمبلی چناؤ میں درج فہرست اقوام کی تائید حاصل کرنے کیلئے مختلف اعلانات پر مبنی ڈیکلریشن جاری کیا۔ چیوڑلہ میں ایس سی اور ایس ٹی ڈیکلریشن کی اجرائی کیلئے جلسہ عام منعقد کیا گیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی، سابق اپوزیشن لیڈرس کے جانا ریڈی، محمد علی شبیر اور دیگر قائدین کی موجودگی میں ایس سی، ایس ٹی ڈیکلریشن جاری کیا گیا۔ ڈیکلریشن کے تحت ایس سی طبقات کے تحفظات آبادی کے تناسب سے 18 فیصد تک اضافہ کرنے کا وعدہ کیا گیا۔ کانگریس نے ایس سی طبقہ کی زمرہ بندی کا تیقن دیا۔ امبیڈکر ابھئے ہستم اسکیم کے تحت ایس سی، ایس ٹی خاندانوں کو پانچ برسوں میں 12 لاکھ روپئے مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ ہر سال بجٹ میں اسکیم کیلئے فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔ گورنمنٹ پروکیورمنٹ اور پبلک ورک کنٹراکٹس میں ایس سی طبقہ کو18 فیصد اور ایس ٹی طبقہ کو 12 فیصد تحفظات فراہم کئے جائیں گے۔ تعلیمی اداروں اور خانگی کمپنیوں میں ایس سی ، ایس ٹی طبقات کو تحفظات حاصل رہیں گے۔ اندراماں ہاؤزنگ کے تحت ایس سی، ایس ٹی خاندانوں کو 6 لاکھ روپئے سے مکان تعمیر کیا جائے گا اور امکنہ اراضی الاٹ کی جائے گی۔ بی آر ایس حکومت کی جانب سے ایس سی، ایس ٹی طبقات سے چھینی گئی اراضیات کو واپس دلایا جائے گا۔ ڈیکلریشن میں ہر تانڈہ اور گرام پنچایت کو سالانہ 25 لاکھ روپئے کی فراہمی کی اسکیم متعارف کرنے کا وعدہ کیا گیا۔ تین نئے ایس سی کارپوریشن قائم کئے جائیں گے اور ہر کارپوریشن کو ہر سال 750 کروڑ کی گرانٹ منظور کی جائے گی۔ تینوں کارپوریشن مادیگا، مالا اور دیگر ایس سی طبقات کیلئے ہوں گے۔ قبائیل کیلئے سالانہ 500 کروڑ کی گرانٹ سے 3 نئے قبائیلی کارپوریشن قائم کئے جائیں گے۔ نلگنڈہ، محبوب نگر، کھمم ، نظام آباد اور محبوب آباد میں آئی ٹی ڈی اے قائم کئے جائیں گے اور ہر آئی ٹی ڈی اے ہیڈکوارٹر پر سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل قائم کیا جائے گا۔ ایس سی، ایس ٹی طلبہ کیلئے دسویں جماعت پاس کرنے پر 10 ہزار روپئے، انٹر میڈیٹ پاس کرنے پر 15 ہزار اور گریجویشن کی تکمیل پر 25 ہزار روپئے کی امداد دی جائے گی۔ پوسٹ گریجویشن کی تکمیل پر ایک لاکھ روپئے جبکہ ایم فل اور پی ایچ ڈی کیلئے 5 لاکھ روپئے کی امداد دی جائے گی۔ ایس سی اور ایس ٹی طبقات کیلئے ہر منڈل میں اقامتی اسکولس قائم کئے جائیں گے اور فیس بازادائیگی اسکیم پر عمل کیا جائے گا۔ ایس سی، ایس ٹی طلبہ کیلئے گریجویشن اور پوسٹ گریجویشن کیلئے ہاسٹل سہولت فراہم کی جائے گی۔ بیرونی ممالک میں تعلیم کے حصول کیلئے ایس سی، ایس ٹی طلبہ کو مالی امداد فراہم کی جائے گی۔