ایس سی زمرہ بندی کے مسئلہ پر تلنگانہ میں وزراء کی کمیٹی تشکیل

   

حیدرآباد ۔12۔ ستمبر (سیاست نیوز) سپریم کورٹ کی جانب سے ایس سی ، ایس ٹی طبقات کی زمرہ بندی کے حق میں فیصلہ کا جائزہ لینے کیلئے تلنگانہ حکومت نے ریاستی وزراء پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی ہے جو زمرہ بندی کے مسئلہ پر حکومت کو سفارشات پیش کرے گی۔ ملک میں ایس سی زمرہ بندی کے مطالبہ میں سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد شدت پیدا ہوچکی ہے ۔ تلنگانہ میں ایس سی طبقات زمرہ بندی کی مانگ کر رہے ہیں۔ سپریم کورٹ کے فیصلہ کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے حکومت کو سفارشات پیش کرنے کیلئے وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی کی صدارت میں کمیٹی تشکیل دی گئی ۔ وزیر صحت دامودر راج نرسمہا کمیٹی کے معاون صدرنشین ہوں گے ۔ ارکان کے طور پر وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو ، وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر، وزیر پنچایت راج ڈی انوسویا سیتکا اور رکن پارلیمنٹ ناگر کرنول ڈاکٹر ملو روی کو شامل کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں مادیگاطبقہ کی جانب سے حکومت پر دباؤ بنایا جارہا ہے کہ ایس سی زمرہ بندی کا آغاز کیا جائے ۔ 1