ایس سی زمرہ بندی کے مسئلہ پر نئی دہلی میں آج کانگریس کا اہم اجلاس

   

ملکارجن کھرگے اور راہول گاندھی کی شرکت، تلنگانہ سے اتم کمار ریڈی نمائندگی کریں گے
حیدرآباد ۔ 12 اگست (سیاست نیوز) ایس سی طبقات کی زمرہ بندی سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات کا جائزہ لینے کے لئے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کا کل 13 اگست کو اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ صدر آل انڈیا کانگریس کمیٹی ملکارجن کھرگے نے صبح 10:30 بجے یہ اجلاس طلب کیا جس میں کانگریس زیر اقتدار ریاستوں کے چیف منسٹرس، تمام ریاستوں کے صدور پردیش کانگریس کمیٹی، ریاستوں کے انچارج جنرل سکریٹریز اور پارٹی کے قومی جنرل سکریٹریز شرکت کریں گے۔ اجلاس میں لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی شریک ہوں گے اور ایس سی زمرہ بندی کے مسئلہ پر ریاستوں کے قائدین کی رائے حاصل کریں گے۔ صدر پردیش کانگریس تلنگانہ ریونت ریڈی چونکہ جنوبی کوریا کے دورہ پر ہیں لہذا ان کی جانب سے وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ صدر پردیش کانگریس آندھرا پردیش وائی ایس شرمیلا اجلاس میں شرکت کے لئے نئی دہلی پہنچ چکی ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ 30 برسوں سے ایس سی طبقات ذیلی زمرہ بندی کے لئے مہم چلا رہے ہیں۔ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر التواء تھا اور گزشتہ دنوں سپریم کورٹ کی دستوری بنچ نے زمرہ بندی کے حق میں فیصلہ سنایا۔ سپریم کورٹ کے فیصلہ کا اگرچہ ایس سی طبقات کی جانب سے استقبال کیا گیا لیکن دیگر طبقات اس فیصلے کی مخالف کررہے ہیں۔ کانگریس پارٹی نے تمام طبقات کے لئے قابل قبول حل تلاش کرنے کے مقصد سے ملک کے تمام ریاستوں کے قائدین کا اجلاس طلب کیا ہے۔ سماج وادی پارٹی اور بعض دیگر پارٹیاں زمرہ بندی کی مخالفت کررہی ہیں۔ اسی دوران انچارج تلنگانہ دیپاداس منشی نے تلنگانہ کے سینئر قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ایس سی زمرہ بندی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلہ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پارٹی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ زمرہ بندی کے مسئلہ پر تائید یا مخالفت میں بیان بازی سے گریز کریں۔ مالا اور دیگر طبقات کی جانب سے ایس سی زمرہ بندی کی مخالفت کی جارہی ہے۔ کانگریس پارٹی زمرہ بندی کے مسئلہ پر جلد ہی اپنا موقف واضح کرے گی۔ 1