ایس سی زمرہ بندی پر اظہار تشکر، راہول گاندھی کے نظریہ پر عمل آوری
حیدرآباد۔/19 مارچ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ایس سی تنظیموں کے نمائندوں نے ملاقات کی اور ایس سی زمرہ بندی کے بل کی منظوری پر مبارکباد پیش کی۔ ایس سی طبقہ کے ارکان اسمبلی اور مختلف تنظیموں کے قائدین نے چیف منسٹر کو تہنیت پیش کی۔ اس موقع پر چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ ایس سی زمرہ بندی کیلئے اظہار تشکر کے اصلی حقدار کانگریس قائد راہول گاندھی ہیں جنہوں نے مجھے یہ جذبہ عطا کیا کہ ایس سی درجہ بندی کو مستقل طور پر نافذ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں قانونی پیچیدگیوں سے بچاؤ کیلئے حکومت نے جسٹس شمیم اختر ایک رکنی کمیشن قائم کیا ہے۔ کمیشن نے 199 صفحات پر مشتمل رپورٹ پیش کرتے ہوئے ایس سی برادری کو تین گروپس میں تقسیم کرنے کی سفارش کی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ زمرہ بندی کا فیصلہ کسی بھی کاسٹ کے خلاف نہیں ہے۔ ایس سی برادری کو انصاف فراہم کرنے کیلئے زمرہ بندی کی گئی ہے۔ گذشتہ دس برسوں سے اس مسئلہ کا حل تلا ش نہیں کیا گیا اور کانگریس حکومت نے اقتدار کے پہلے سال ہی اسمبلی میں بل کو منظوری دے دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایس سی طبقات کے قانونی حقوق کے تحفظ کی مساعی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ 100 برسوں میں پہلی مرتبہ عثمانیہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے طور پر مادیگا طبقہ کے پروفیسر کو مقرر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت سماجی انصاف پر یقین رکھتی ہے اور پروفیسر کاسم کو آرٹس کالج کا پرنسپل بنایا گیا ہے۔ ہائیر ایجوکیشن کونسل، پبلک سرویس کمیشن اور ایجوکیشن کمیشن میں بھی ایس سی طبقہ کو نمائندگی دی گئی ہے۔1
