چنڈی گڑھ: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے پنجاب کی عام آدمی پارٹی (اے اے پی) حکومت پر ستلج یمنا لنک نہر (ایس وائی ایل) کے معاملہ کو عدالت میں جان بوجھ کر کمزور انداز میں پیش کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ہفتہ کو کالی پٹیوں کے ساتھ۔ وزیر اعلی بھگونت مان کی رہائش گاہ پر جا کر احتجاج کیااورکہا کہ حکمراں پارٹی نے ریاست کے عوام کو دھوکہ دیا ہے ۔ بی جے پی کے ریاستی صدر سنیل جاکھڑ کی قیادت میں پارٹی ایگزیکٹو کے تمام ممبران وزیر اعلیٰ مان کی رہائش گاہ کے سامنے احتجاج پر بیٹھے ہیں۔ اس سے پہلے بی جے پی کی ایگزیکٹو میٹنگ میں جاکھڑ نے کہا کہ ریاست کی حکمراں آپ حکومت نے ایس وائی ایل کے معاملے پر عدالت میں اپنا رخ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نہر کی تعمیر چاہتی ہے ، لیکن اپوزیشن پارٹیاں اور کسان تنظیمیں نہر بننے نہیں دے رہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اس دلیل پر عدالت کو تبصرہ کرنا پڑا۔ جاکھڑ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ریاست کے عوام کے ساتھ دھوکہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست سے پانی کا ایک قطرہ بھی دوسری ریاستوں میں نہیں جانے دیا جائے گا۔
