حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی پی وینکٹ راؤ اور کانگریس قائد ایس باپو راؤ نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے لمباڑہ اور بنجارہ طبقات کو ایس ٹی زمرہ سے خارج کرنے کی اپیل کی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ 1976 سے قبل لمباڑہ ، بنجارہ طبقات کو بی سی زمرہ میں شامل کیا گیا تھا ۔ دیگر ریاستوں سے آنے والے لمباڑہ اور بنجارہ طبقات کے افراد حقیقی اور مستحق خاندانوں کے حقوق کو سلب کر رہے ہیں۔ لہذا 1976 سے قبل متحدہ آندھراپردیش میں جس طرح یہ طبقات بی سی زمرہ میں شامل تھے، انہیں بحال کیا جائے ۔ درخواست گزاروں نے کہا کہ کئی اضلاع میں مذکورہ طبقات کو ایس ٹی زمرہ میں شامل نہیں کیا گیا ۔ سپریم کورٹ نے اس سلسلہ میں مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو نوٹس جاری کرکے حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ تلنگانہ میں پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات کی فراہمی کی مساعی کے دوران دو ایس ٹی طبقات کا بی سی زمرہ میں شمولیت کا مطالبہ کرنا اہم ہے۔1