قنوج11جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) سماج وادی پارٹی (ایس پی) صدر اکھلیش یادو نے اپنی اہلیہ ڈمپل یادو کے پارلیمانی حلقہ اور عطر نگری قنوج سے لوک سبھا انتخابات کی مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایس پی اور بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے ایک ساتھ آجانے سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ساتھ ہی کانگریس بھی خوفزدہ ہے ‘‘۔مسٹر یادو نے جمعہ کو یہاں ای۔چوپال میں کہا کہ سنیچر کو لکھنؤ میں ایس پی اور بی ایس پی کی مشترکہ پریس کانفرنس ہوگی۔ ہمارے ساتھ آنے پر بی جے پی کے ساتھ کانگریس بھی اندر سے کافی خوف زدہ ہے ۔ایس پی صدر نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات ہمارے سامنے ہے ۔ سماج وادی حکومت نے اپنے دور اقتدار میں کئی ترقیاتی اسکیمیں چلائی تھیں جس سے ریاست کی غریب عوام کو فائدہ مل رہاتھا۔ بی جے پی نے کئی اسکیموں کو اپنے نام کرلیا ہے ۔