دوہزار انیس کے عام انتخابات میں اب تین ماہ کا وقت ہی بچا ہے ۔ ایسے میں تمام سیاسی پارٹیاں اپنی راہ ہموار کرنے میں لگی ہیں۔ اسی ضمن میں آج اترپردیش میں سماجوادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی کے درمیان اتحاد کا اعلان ہو رہا ہے۔ ایس پی سربراہ اکھلیش یادو اور بی ایس پی صدر مایاوتی کی مشترکہ پریس کانفرنس ہو رہی ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بی ایس پی صدر مایاوتی نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں کانگریس کی ضمانت ضبط ہو گئی تھی۔ ہم بی جے پی کو اقتدار میں واپس آنے سے روکیں گے۔ ایس پی۔ بی ایس پی اتحاد اترپردیش میں بی جے پی کو شکست دے گا۔
مایاوتی نے کہا کہ میں آپ کو بتا دوں کہ آزادی کے بعد کانگریس ایک طویل عرصہ تک مرکز اور ریاستوں کے اقتدار پر قابض رہی۔ تب بھی بدعنوانی اور غریبی مسلسل بڑھتی رہی۔ مرکز میں بی جے پی رہے یا کانگریس ایک ہی جیسے حالات ہوتے ہیں۔
مایاوتی نے کہا کہ ہم گزری باتیں بھلا کر ساتھ آئے ہیں۔ ایس پی۔ بی ایس پی کے اتحاد نے عوام کو ایک نئی امید دی ہے۔ ہم پسماندہ لوگوں، غریبوں اور اقلیتوں کی طاقت بنیں گے۔ بی جے پی نے عوام کو دھوکہ دے کر مرکز اور ریاست میں حکومت بنائی ہے۔ ہم نے بی جے پی کو پہلے ہی ضمنی الیکشن میں ہرا دیا ہے۔ مایاوتی نے اتحاد میں کانگریس کو شامل نہیں کرنے کے معاملہ پر کہا کہ پچھلے کاموں کو لے کر کانگریس کے ساتھ گٹھ بندھن نہیں کیا ہے۔
مایاوتی نے کہا کہ ایس پی اور بی ایس پی دونوں ریاست میں 38-38 سیٹوں پر الیکشن لڑیں گی۔ لوک سبھا کی دو سیٹیں دیگر پارٹیوں کے لئے چھوڑ دی گئی ہیں۔ مایاوتی نے کہا کہ رائے بریلی اور امیٹھی کی سیٹیں کانگریس کے لئے چھوڑ دی گئی ہیں۔