ایس پی۔ بی جے پی گٹھ جوڑ کسی سے چھپا نہیں :مایاوتی

   

لکھنؤ: بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے ایس پی پربی جے پی سے مل کر مسلمانوں کو گمراہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کو ہرانے کے لئے مسلم سماج کو اپنی بھول کی اصلاح کرنی ہوگی۔مایاوتی نے منگل کو ٹوئٹ میں لکھا‘ یوپی میں ایس پی و بی جے پی کی اندرونی ملی بھگت جگ ظاہر رہی ہے کہ انہوں نے اسمبلی انتخابات میں بھی ہندو۔مسلم کراکر یہاں خوف و دہشت کا ماحول بنایا جس سے خاص کر مسلم سماج گمراہ ہوا و ایس پی کو یک طرفہ ووٹ دینے کی بھاری بھول کیا۔ جس کی اصلاح کر کے ہی بی جے پی کو یہاں شکست دینا ممکن ہے ۔قابل ذکر ہے کہ بی ایس پی صدر نے سابقہ اتوار کو پارٹی کی ایک میٹنگ میں بھی بی جے پی کی جیت کے لئے مسلم سماج کو ہی قصوروار ٹھہرایا تھا۔جب سے اسمبلی انتخابات کے نتائج آئے ہیں مسلم سماج لگاتار مایاوتی کا ہدف ہے اور وہ اپنے شکست کے لئے مسلمانوں کو ہی ذمہ دار قرار دے رہی ہیں۔ دلچسپ تو یہ ہے کہ اپنے کور ووٹروں کے بھی بی جے پی کی طرف چلے جانے کے لئے بھی وہ مسلم سماج کو ہی ذمہ دار ٹھہرا رہی ہیں۔