ایس پی اتحادیوں سے بات کرنے کے بعد بلدیاتی انتخابات لڑے گی: اکھلیش یادو

   

لکھنؤ:سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ سماج وادی پارٹی اپنے اتحادیوں کے ساتھ گفتگو کے بعد بلدیاتی انتخابات لڑے گی۔ بلدیہ انتخابات میں سماج وادی پارٹی کا بی جے پی سے سیدھا مقابلہ ہے۔ انہوں ن الزام لگایا کہ بی جے پی نے اسمارٹ سٹی کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ شہر کوڑے سے بھرے پڑے ہیں۔ نالوں میں گندگی ہے۔ صفائی نہیں ہو رہی ہے۔ صفائی نہ ہونے کے باعث شہر ڈینگی کی زد میں ہے۔ کاروباری پریشان ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں عوام بی جے پی کو سبق سکھائیں گے۔ ایس پی صدر نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری اپنے عروج پر ہے۔ ادویات سے لے کر اشیائے خوردونوش تک ہر چیز کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی کی ذمہ دار بی جے پی حکومت ہے۔ بی جے پی حکومت مہنگائی اور بے روزگاری سے توجہ ہٹانے کے لیے نئے نئے مسائل سامنے لاتی ہے۔ یکم اپریل سے ادویات مہنگی ہو گئیں۔ علاج مہنگا ہو گیا۔ لوگوں کو علاج نہیں مل رہا۔ اسپتال میں ادویات نہیں ہیں۔ بی جے پی بے روزگاری کے معاملے میں جھوٹ بول رہی ہے۔ یوپی میں جھوٹ کو سچ دکھانے کے لیے 200 کروڑ روپے خرچ کر کے امریکی ایجنسی کی مدد لی جا رہی ہے۔