لکھنؤ:25 ستمبر(یو این آئی) سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ 2027 میں ایس پی حکومت بننے پر مہنگائی پر قابو پانے کے لیے نیتاجی اور ڈاکٹر لوہیا کی ”دام باندھو” پالیسی نافذ کی جائے گی۔جمعرات کو لکھنؤ میں پارٹی دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر یادو نے کہا کہ نوئیڈا کے کسانوں کے ساتھ مسلسل ناانصافی ہورہی ہے ۔ ان کی زمینوں پر صنعتیں اور کاروبار کھڑے کئے جا رہے ہیں لیکن ان کو ان کا جائز معاوضہ نہیں مل رہا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی حکومت سازش اور دباؤ کے ذریعے کسانوں کی زمین چھین رہی ہے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ سپا حکومت بننے پر کسانوں کو سرکل ریٹ سے زیادہ معاوضہ دیا جائے گا اور نوئیڈا سے لکھنؤ تک بہتر سڑکوں کی تعمیر کرائی جائے گی۔ اس موقع پربہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) اور اپنا دل (ایس) کے متعدد رہنماؤں اور حامیوں نے سپا میں شمولیت اختیار کی۔