ممبئی ۔ مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کیلئے جماعتوں نے سیاسی درجہ حرارت بڑھانا شروع کردیا ہے۔ ہر پارٹی اپنی حکمت عملی بنانے میں مصروف ہے۔ ادھر سماج وادی پارٹی کے سربراہ اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو بھی مہاراشٹر میں اپنی طاقت دکھانے کی تیاری کر رہے ہیں اور ریلیوں کی منصوبہ بندی کر کے ایس پی کے حق میں ماحول بنانے کی حکمت عملی بنائی ہے۔اکھلیش یادو18 اور19 اکتوبر کو مہاراشٹر کا دورہ کرنے والے ہیں۔ انہوں نے مسلم اکثریتی علاقوں پر توجہ مرکوزکی ہے۔ ایس پی سربراہ مالیگاؤں میں ایک عوامی پروگرام کریں گے، جہاں اپنی سیاسی میدان تیار کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ وہ 19 اکتوبر کو دھولے میں ایک سیاسی پروگرام کا حصہ بھی بنیں گے۔ اس کے لیے مہاراشٹر کی ایس پی یونٹ تیاریوں میں مصروف ہے۔ مہاراشٹر میں سماج وادی پارٹی کے دو ایم ایل اے ہیں۔ شیواجی نگر سے ابو اعظمی اور بھیونڈی ایسٹ سے رئیس شیخ نے ایس پی کے ٹکٹ پر الیکشن جیتا تھا۔ یوپی کے بعد اب اکھلیش یادو دیگر ریاستوں میں پارٹی کی توسیع پر نظریں جمائے ہوئے ہیں۔ وہ مہاراشٹر میں تقریباً 18 سیٹوں پر الیکشن لڑنے پر غورکر رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یوپی کے بڑے ایس پی لیڈروں کو مہاراشٹر میں کام پر لگایا جائے گا تاکہ پارٹی ان کی مقبولیت سے فائدہ اٹھا سکے۔