ایس پی کے 40 اسٹار کمپینرس میں اعظم خان اور جیا بچن بھی شامل

   

اتر پردیش کے9اسمبلی حلقوں کے ضمنی چناؤ میں شاندار جیت کا عزم

لکھنو: سماج وادی پارٹی نے اتر پردیش کی 9 اسمبلی سیٹوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کیلئے اسٹار کیمپینروں (تشہیرکاروں) کی فہرست جاری کی ہے۔ اس فہرست میں پارٹی کے صدر اکھلیش یادو، معروف اداکارہ جیا بچن اور سینئر رہنما اعظم خان سمیت 40 اہم سیاسی شخصیات کے نام شامل ہیں۔سماج وادی پارٹی کے جنرل سکریٹری رام گوپال یادو نے اسٹار تشہیرکاروں کی یہ فہرست جاری کی۔ انہوں نے بتایا کہ ضمنی انتخابات میرانپور، کندرکی، غازی آباد، کھیر، کرہل، سیسامؤ، پھولپور، کٹہری اور منجھوا سیٹوں پر منعقد ہوں گے۔ سماج وادی پارٹی کی طرف سے ان سیٹوں پر پارٹی کے امیدواروں کے انتخابی مہم کے لیے 40 ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔اس فہرست میں شامل کچھ اہم نام اکھلیش یادو، رام گوپال یادو، محمد اعظم خان، ڈمپل یادو، جیا بچن، اور شیو پال سنگھ یادو ہیں۔ اس کے علاوہ، دیگر نمایاں شخصیات میں رام جی لال سمن، شریام لال پال، ببو سنگھ کشواہا، ہرندر ملک، لالجی ورما، اور نریش اطم پتیل شامل ہیں۔فہرست میں شاہد منظور، رام گووند چودھری، لال بہاری یادو، جاوید علی خان، راجارام پال، محبوب علی، ضیاء الرحمان برق، دیویش شاکیہ، رام آسرے وشوکرما، ریمیش پراجاپتی، کرن پال کشیپ اور کئی دیگر رہنما بھی ہیں۔ سماج وادی پارٹی نے تمام 9 سیٹوں پر امیدواروں کے نام پہلے ہی اعلان کر دیے تھے۔ اکھلیش یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پیغام جاری کیا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ انڈیا بلاک متحد ہے اور سماج وادی پارٹی کے نشان پر ہی اتحاد کے تمام امیدوار انتخابی میدان میں اتریں گے۔اکھلیش نے اپنی ایک پوسٹ میں لکھا کہ کانگریس اور سماج وادی پارٹی ایک بڑی فتح کے لیے متحد ہیں۔ سماج وادی پارٹی اتر پردیش کے ضمنی انتخابات میں شاندرا کامیابی کیلئے بھر پور کوشش کررہی ہے۔