جے پور۔ ٹونک ضلع کے دیولی اونیارا اسمبلی ضمنی انتخابات کے دوران آزاد امیدوار نریش مینا کو ایس ڈی ایم امیت چودھری کو تھپڑ مارنے پر گرفتار کر لیا گیا۔ سمراوتا گاؤں میں واقعے کے بعد پولیس نے مینا کوگرفتارکیا تھا، تاہم ان کے حامیوں نے پولیس کو گھیر کر انہیں چھڑا لیا، جس سے علاقے میں شدید پتھراؤ اور ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی۔ رپورٹ کے مطابق مشتعل افراد نے گاڑیوں کو آگ لگا دی، جس پر قابو پانے کے لیے پولیس کو لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کرنا پڑا۔ جمعرات کو پولیس نے دوبارہ مینا کوگرفتار کرلیا، لیکن ان کی گرفتاری کے بعد ان کے حامیوں نے دوبارہ احتجاج کرتے ہوئے سڑکیں بندکردیں۔ راجستھان میں آر اے ایس افسران نے احتجاجاً قلم چھوڑ ہڑتال کی اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ سابق وزیر اعلیٰ نے واقعے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس کی ساکھ پر سوالات اٹھائے۔