سری نگر۔10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)جموں کشمیر یونین ٹریٹری انتظامیہ کی طرف سے شیر کشمیر انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر کا نام کشمیر انٹرنیشنل کانفرنس کمپلیکس میں بدلنے کو جموں و کشمیر کی تاریخ پر حملہ قرار دیتے ہوئے سی پی آئی (ایم) کے سینئر لیڈر محمد یوسف تاریگامی نے کہا کہ یہ مرحوم شیخ محمد عبداللہ کی سربراہی والی قیادت جس نے پاکستان پر سیکولر بھارت کو ترجیح دی، کے کارناموں کو نظر انداز کرنے کی ایک کوشش ہے ۔ لیڈر نے کہا کہ شیر کشمیر صرف ایک لقب نہیں ہے بلکہ جموں و کشمیر کی تاریخ کا ایک شاندار باب ہے ۔انہوں نے کہا: ‘شیر کشمیر صرف ایک لقب نہیں ہے بلکہ جموں و کشمیر کی تاریخ کا ایک تابناک باب ہے ، اختلافات سے قطع نظر شیخ محمد عبداللہ کے بڑے کردار، جو انہوں نے یہاں کے سیاسی منظر نامے پر ادا کیا، کو بھولا نہیں جاسکتا’۔تاریگامی نے کہا کہ مرحوم شیخ عبداللہ کی سربراہی میں شروع ہوئی ‘کشمیر چھوڑو تحریک’ سے ہی ‘نیا کشمیر’ کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکا جو بد قسمتی سے بی جے پی کے نشانے پر ہے ۔
