ولنگٹن ۔ 19 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے یہ واضح اشارے دے دیئے ہیں کہ جمعہ کو یہاں شروع ہونے والے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ میں ہندوستانی ٹیم کے قطعی 11 کھلاڑیوں میں سب سے تجربہ کا ر فاسٹ بولر ایشانت شرما کے علاوہ نوجوان اوپنر پارتھیوی شا کی شمولیت ہوگی۔ آج یہاں ہندوستانی ٹیم نے جو نیٹ سیشن کیا ہے، اگر اس کو بنیاد بنایا جائے تو واضح ہوجاتا ہے کہ پہلے ٹسٹ میں وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری وردھیمان ساہا کو دی جاسکتی ہے اور نوجوان وکٹ کیپر بیٹسمین ریشپھ پنت کو دورہ نیوزی لینڈ پر اپنا پہلا مقابلہ کھیلنے کیلئے ہنوز انتظار کرنا پڑے گا ۔ ہنوما ویہاری بیرون ملک ٹسٹ سیریز میں ہندوستانی ٹیم کیلئے نمبر 6 پر بیٹنگ کے لئے مضبوط دعویدار ہیں۔ بولنگ شعبہ میں جسپرت بمراہ ، محمد سمیع اور ایشانت شرما فاسٹ بولنگ کی ذمہ داری نبھائیں گے جبکہ اسپن شعبہ میں روی چندرن اشون پہلی پسند ہے۔ آل راؤنڈر کے مقام پر رویندر جڈیجہ کی صلاحیتوں سے استفادہ کیا جاسکتا ہے یا پھر انہیں نظر انداز بھی کیا جاسکتا ہے۔ ایشانت شرما جو کہ ٹخنے کی تکلیف کے باعث تین ہفتوں کے لئے کرکٹ سے دور تھے لیکن انہوں نے اپنی فٹنس حاصل کرلی ہے اور اب وہ ٹیم میں واپسی کیلئے تیار ہیں۔ کپتان کوہلی نے کہا ہے کہ ٹیم شا کو ان کے جارحانہ کھیل کی آزادی فراہم کرے گا جس سے اشارہ ملا ہے کہ اننگز کے آغاز پر شا کو ذمہ داری دی جائے گی اور دوسرے نوجوان اوپنر شبھ من گل کو مزید انتظار کرنا پڑسکتا ہے ۔