نئی دہلی: ہندوستانی کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل کی تیاریوں میں مصروف ہے اور یہ سوال سب سے اہم ہے کہ ویراٹ کوہلی کی زیر قیادت ہندوستانی ٹیم میں قطعی 11 کھلاڑی کون ہوں گے؟ اس بحث کے دوران ٹیم کے سینئر اور سابق اسپنر ہربھجن سنگھ نے حیدرآبادی فاسٹ بولر محمد سراج کو ٹیم کے سینئر اور تجربہ کار بولر ایشانت شرما پر ترجیح دینے کی حمایت کی ہے۔ ویراٹ کوہلی فائنل کے لیے فاسٹ بولروں کی جوڑی میں محمد سمیع اور جسپریت بمرا کے بعد تیسرے فاسٹ بولر کے لیے ایشانت اور محمد سراج میں کسی ایک کا انتخاب کرسکتے ہیں جس کے لیے ہربھجن سنگھ نے محمد سراج کی حمایت کی ہے۔ اس کے علاوہ رویندر جڈیجہ اور روی چندرن اشون میں کسی ایک کا انتخاب بھی کافی مشکل فیصلہ ہوسکتا ہے۔ وکٹ اگر فاسٹ بولروں کے لیے سازگار رہی تو چار فاسٹ بولروں کو آسانی سے منتخب کیا جاسکتا ہے اور اس صورت میں جڈیجہ کا ٹیم میں منتخب ہونا مشکل دکھائی دے رہا ہے حالانکہ وہ ایک بہترین بیٹنگ آل رائونڈر ہیں۔