انٹیگا۔24 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کا م ) ہندستان کے تجربہ کار فاسٹ بولر ایشانت شرما نے خطرناک بولنگ کرتے ہوئے42 رنز پر پانچ وکٹ لے کر ویسٹ انڈیز کو پہلے کرکٹ ٹسٹ کے دوسرے دن پریشان کردیا۔ میزبان ٹیم نے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام تک59 اوورمیں آٹھ وکٹ کے نقصان پر189 رنز بنا لئے ۔ ویسٹ انڈیز اب ہندستان کے پہلی اننگز کے297 رنزکے اسکور سے108 رنز پیچھے ہے اور اس کے دو وکٹ باقی ہیں۔ ایشانت نے اپنے کیریئر میں نویں مرتبہ اننگز میں پانچ وکٹ لئے اور ہندستان کو مضبوط موقف میں پہنچا دیا۔ ویسٹ انڈیز نے کل چائے کے وقفہ تک تین وکٹ کے نقصان پر82 رنز بنا لئے تھے لیکن چائے کے وقفہ کے بعد اس کی اننگز لڑکھڑا گئی۔ کریگ بریتھویٹ 14، جان کیمبل23 شمارا بروکس11 رن بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ چائے کے وقفہ سے پہلے ایشانت شرما، محمد سمیع اور رویندر جڈیجہ نے فی کس ایک وکٹ لیا۔چائے کے وقفہ کے بعد ایشانت نے قہر برپاکیا اور آخری سیشن میں گرے پانچ میں سے چار وکٹیں حاصل کیں۔ ایشانت13 اوور میں42 رنز دے کر پانچ وکٹ لے چکے ہیں۔ جسپریت بمراہ، محمد سمیع اور رویندر جڈیجہ کو فی کس ایک وکٹ ملی۔آخری سیشن میں سب سے پہلے ڈیرن براووآؤٹ ہوئے جنہیں بمراہ نے ایل بی ڈبلیو کیا۔براوو نے27 گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے18 رن بنائے ۔ روسٹن چیس 74 گیندوں میں پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے48 رنز بناکر ایشانت کا دوسرا شکار بنے ۔ چیس کا کیچ لوکیش راہول نے لیا۔شائي ہوپ کو ایشانت نے وکٹ کیپر رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ کروایا ۔ ہوپ نے65 گیندوں پر24 رنز میں ایک چوکا لگایا۔ شمرن ہٹمائر47 گیندوں میں تین چوکوں کے سہارے35 رنز بنا کر ایشانت کو ان کی گیند پر ہی کیچ دیا ۔کیمر روچ کھاتہ کھولے بغیر ایشانت کا پانچواں شکار بن گئے ۔ دن کے اختتام پر کپتان جیسن ہولڈر10 اور میگوئل کمنز کھاتہ کھولے بغیر کریز پر تھے ۔