نئی دہلی۔17 فروری (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستانی فاسٹ بولر ایشانت شرما نے قومی کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں اپنا فٹنس ٹسٹ کامیاب کر لیا ہے اور اب وہ 21 فروری کو نیوزی لینڈ کے دورے پر ہونے والی دو میچوں کی ٹسٹ سیریز کے لئے ہندوستانی ٹیم کیلئے دستیاب ہیں۔ذرائع کے بموجب ایشانت نے فٹنس ٹسٹ کامیاب کر لیا ہے اور اب وہ نیوزی لینڈ کے دورے پر ہونے والی دومیچوں کی ٹسٹ سیریز کے لئے ہندوستانی ٹیم میں شامل ہوجائیں گے۔31 سالہ ایشانت کو ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں ودربھ کے خلاف رانجی ٹرافی میچ کے دوران ٹخنے میں چوٹ لگ گئی تھی۔یہ چوٹ گریڈ3 کی تھی، جس کی وجہ سے ایشانت کو چھ ہفتے آرام کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔دہلی اور ڈسٹرکٹ کرکٹ اسوسی ایشن (ڈی ڈی سی اے) کے ڈائریکٹرسنجے بھاردواج نے تب آئی اے این ایس سے کہا تھا کہ ایشانت نیوزی لینڈ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں، کیونکہ انہیں چھ ہفتے تک آرام کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ہندوستان کو نیوزی لینڈ میں دو میچوں کی ٹسٹ سیریز کھیلنی ہے۔ سیریزکا پہلا ٹسٹ 21 سے 25 فروری کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ 29 فروری سے چار مارچ تک کھیلا جائے گا۔
