نئی دہلی: ہندوستانی سابق کرکٹر آکاش چوپڑا کا ماننا ہے کہ آئی پی ایل 2025 میں ایشان کشن کے پاس اپنے کیریئر کو دوبارہ زندہ کرنے کا سب سے بڑا موقع ہے، خاص طور پر جب انہیں سن رائزرس حیدرآباد نے میگا نیلامی میں خریدا ہے۔ چوپڑا نے حیرت کا اظہار کیا کہ کس طرح کشن قومی سلیکٹرزکی نظروں سے بالکل ہی غائب ہوگئے ہیں، حالانکہ وہ اپنی بیٹنگ صلاحیتوں کو ثابت کر چکے ہیں۔ کسی بھی وجہ سے، وہ مکمل طور پر منظر سے غائب ہوگئے ہیں۔ ایسا لگتا ہے جیسے کوئی ان کے بارے میں بات ہی نہیں کر رہا اور نہ ہی ان کی اہمیت کو سمجھ رہا ہے۔ انہوں نے رانجی ٹرافی میں بھی کھیلا اور وہاں رنز بھی بنائے، وہ سب کچھ کر رہے ہیں، لیکن کوئی ان کا ذکر تک نہیں کررہا، چوپڑا نے اپنے یوٹیوب چینل پر کہا۔ کشن، جنہیں ممبئی انڈینز نے ریلیزکردیا تھا، سن رائزرس حیدرآباد نے آئی پی ایل نیلامی میں11.25 کروڑ روپے میں خریدا۔ تاہم حیدرآباد کے پاس پہلے ہی ایک مضبوط اوپننگ جوڑی موجود ہے، جس میں ابھیشیک شرما اور ٹریوس ہیڈ شامل ہیں، جو پچھلے سیزن کے سب سے خطرناک اوپنرز میں شمار ہوئے تھے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ کشن کو نمبر3 پر کھلایا جا سکتا ہے، جو ان کے لیے نیا نہیں مگر ان کا فطری مقام اوپننگ ہی ہے۔ دسمبر 2022 میں بنگلہ دیش کے خلاف ریکارڈ ساز 210 رنزکی شاندار ڈبل سنچری بنانے کے باوجود کشن کو پلیئنگ الیون سے باہرکردیا گیا اور شبمن گل کو بطور اوپنر ترجیح دی گئی۔ اس کے بعد سے وہ تمام فارمیٹس میں ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔ وکٹ کیپر بیٹر کے زمرے میں، رشبھ پنت، کے ایل راہل اور سنجو سیمسن کو ان پر فوقیت دی گئی ہے، اور گزشتہ سال کشن اپنا بی سی سی آئی سینٹرل کنٹریکٹ بھی کھوچکے ہیں۔ آپ دوبارہ ٹیم میں جگہ بنا سکتے ہیں۔ ایک وکٹ کیپر۔ بیٹر جو اوپن کر سکتا ہے یا ٹاپ آرڈر میں بیٹنگ کر سکتا ہے، یہ ایک بڑی بات ہے۔ گوتم (گمبھیر) پہلے ہی کہہ رہے ہیں کہ تمام کھلاڑی ایک ٹرین کے ڈبے کی طرح ہیں؛ سب کو ایک ہی منزل تک پہنچنا ہے، چاہے کوئی ڈبہ آگے ہو یا پیچھے۔ اس کا بنیادی مطلب یہ ہے کہ ہندوستانی کرکٹ میں اب بیٹنگ آرڈرکی زیادہ اہمیت نہیں رہی، چوپڑا نے وضاحت کی۔ یادرہے کہ کشن ایک جارحانہ اوپنر اور وکٹ کیپر ہیں جو ہندوستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔