ایشان کشن کی متواتر دوسری سنچری

   

نئی دہلی ۔25 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) وکٹ کیپر ایشان کشن ان دنوں زبردست فارم میں ہیں۔23 مارچ کو شروع ہو رہے آئی پی ایل (انڈین پریمئر لیگ) سیشن سے پہلے وہ اپنی دھماکہ دار اننگز سے شہ سرخیوں میں ہیں۔جھارکھنڈ کی جانب سے کھیلنے والے 20 سالہ کرکٹر نے ٹی 20 میں مسلسل دوسری سنچری بنانے کا کارنامہ انجام دیا ۔آئی پی ایل 2019 کے لئے ایشان کشن کو ممبئی انڈینس نے 6.20 کروڑ روپے میں خریدا ہے۔کپتان ایشان کشن نے ملاپاڈ میں (آندھرا پردیش) میں منی پور کے خلاف سید مشتاق علی ٹی20 ٹورنمنٹ میں 62 گیندوں میں 113 رنز کی ناقابل شکست طوفانی اننگز کھیلی۔اس دوران انہوں نے 5 چھکے اور 12 چوکے لگائے،ان کی سنچری کی بدولت جھارکھنڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 219/1 رنز بنائے، 220 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری منی پور کی ٹیم 98/9 رن ہی بنا پائی اور جھارکھنڈ نے گروپ اے کا یہ مقابلہ 121 رنز سے جیت لیا۔ ٹی 20 میں ایشان کشن کی یہ مسلسل دوسری سنچری ہے،دو دن پہلے ہی انہوں نے جموں و کشمیر کے خلاف ملاپاڈ میں ہی 55 گیندوں میں 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔اسی کے ساتھ وہ کسی ٹیم کے کیپر کپتان کے طور پر ٹی 20 کرکٹ میں سنچری بنانے والے پہلے ہندوستانی بیٹسمین بن گئے۔ایشان کشن ٹی20 میں مسلسل دو سنچری بنانے والے دوسرے ہندوستانی بیٹسمین ہیں، ان سے پہلے دہلی کے انمکت چند نے 2013 میں دو مسلسل سنچری بنائی ہیں۔انمکت نے سید مشتاق علی ٹورنمنٹ میں 26 مارچ 2013 کو کیرلا کے خلاف 105 اور 27 مارچ کو گجرات کے خلاف 125 رنز بنائے تھے۔ٹی 20 تاریخ میں ایشان کشن ٹی 20 میں مسلسل دو سنچری بنانے والے دنیا کے آٹھویں بیٹسمین ہیں۔