ایشا دیول دھرمیندرکی موت کی جھوٹی خبروں پر برہم

   

Ferty9 Clinic

ممبئی، 11 نومبر (آئی اے این ایس) لیجنڈری اداکار دھرمیندر کی موت سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے ان کی بیٹی اور اداکارہ ایشا دیول نے اپنے والد کی صحت سے متعلق تازہ اطلاع دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس وقت دواخانہ میں زیرِ علاج ہیں، حالت مستحکم ہے اور وہ روبہ صحت ہیں۔ایشا نے سوشل میڈیا پر لکھا میڈیا اوور ڈرائیو میں نظر آرہا ہے اور جھوٹی خبریں پھیلا رہا ہے۔ میرے پاپا کی حالت بالکل مستحکم ہے اور وہ صحت یاب ہو رہے ہیں۔ ہم سب سے گزارش کرتے ہیں کہ ہمارے خاندان کی پرائیویسی کا احترام کریں۔ پاپا کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کریں۔ دھرمیندرکی موت کی افواہیں پیرکی شام سے گردش کر رہی تھیں۔اس سے قبل سنی دیول کی ٹیم نے بھی وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ دھرمیندرکی حالت مستحکم ہے۔ لوگوں سے افواہیں نہ پھیلانے کی اپیل کرتے ہوئے سنی دیول کی ٹیم نے اپنے بیان میں کہا مسٹر دھرمیندرکی حالت مستحکم ہے اور وہ آئی سی یو میں ہیں۔ مزید اطلاع دستیاب ہوتے ہی مطلع کیا جائے گا۔ براہِ مہربانی ان کی صحت سے متعلق غلط افواہیں پھیلانے سے گریز کریں۔ ان کی جلد صحت یابی کی دعا کریں اور خاندان کی پرائیویسی کا احترام کریں۔سنی دیول اور بوبی دیول نے دیگر مشہور شخصیات جیسے سلمان خان اور شاہ رخ خان کے ساتھ ساؤتھ ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں اپنے والدکی عیادت کی۔اطلاعات کے مطابق دھرمیندرکو سانس لینے میں دشواری کے باعث وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔1935 میں پنجاب میں پیدا ہونے والے دھرمیندر نے 1960 کی دہائی میں فلمی سفرکا آغازکیا۔ انہیں فلم فیئر میگزین اور بمل رائے پروڈکشنز کے ملک گیر ٹیلنٹ ہنٹ مقابلے کے ذریعے دریافت کیا گیا تھا، جس کا مقصد ہندی سینما کے لیے نئی صلاحیتوں کو تلاش کرنا تھا۔ اپنی دلکش شخصیت اور قدرتی اندازکی بدولت دھرمیندر نے یہ مقابلہ جیتا۔ بعد ازاں وہ ہندی فلم انڈسٹری کے مقبول ترین ستاروں میں شامل ہوئے اورفلم پھول اور پتھر، دھرم ویر اور سیتا اور گیتا جیسی متعدد یادگار فلمیں دیں۔فلم شعلے میں ویروکے کردار کے باعث وہ آج بھی فلمی شائقین کے دلوں میں زندہ ہیں۔