نئی دہلی۔ انگلینڈ کے ٹسٹ کپتان بین اسٹوکس اس موسم گرما میں ایشز کے لیے آسٹریلیا کے دورے کے دوران جارحانہ گیم پلان میں ایک نیا خطرہ شامل کرنا چاہتے ہیں کیونکہ انہوں نے تیز، فلیٹ وکٹ کا مطالبہ کیا ہے۔ اسکائی اسپورٹس سے بات کرتے ہوئے اسٹوکس نے کہا کہ انہوں نے پانچ ٹسٹ مقامات کے حکام سے کہا ہے کہ وہ تیز، فلیٹ وکٹیں تیار کریں جو انگلینڈ کے بیٹروںکو جلد از جلد اسکورکرنے اور مخالف کو دباؤ میں لانے کے لیے موزوں ہوں۔ اسٹوکس نے کہا کہ ہم خاص طور پر انگلینڈ کے گراؤنڈ اسٹاف کے ساتھ اس بارے میں بہت واضح ہیں کہ ہم کس قسم کی وکٹیں چاہتے ہیں۔ ہم تیز، فلیٹ وکٹیں چاہتے ہیں۔ ہم وہاں جاکر تیزی سے اسکور کرنا چاہتے ہیں۔ یہ ان کے (آسٹریلیا کے) بولروںکو دباؤ میں لاتا ہے۔ اگر ان کے پاس بولنگ کے لیے تیز وکٹیں ہیں تو وہ اس سے بھی خوش ہوں گے۔ انگلش کپتان نے کہا کہ انگلینڈ آسٹریلیا کے خلاف آئندہ ایشز سیریز کے دوران اپنے جارحانہ اندازکو برقرار رکھے گا اور اپنے انداز میں کوئی تبدیلی نہیں کرے گا۔