نئی دہلی۔ ریکارڈ چھ بار ایشین چمپئن شپ میں میڈل جیتنے والے شیوا تھاپا، ٹوکیو اولمپکس میں برونز میڈل جیتنے والی لولینا بورگوہین اور دو بارکی عالمی چیمپئن نکہت زرین چین کے ہانگزو میں منعقد ہونے والے 19ویں ایشیائی کھیلوں کے لیے ہندوستانی باکسنگ اسکواڈ کی قیادت کریں گے۔ ایونٹ 23 ستمبر سے 8 اکتوبر 2023 تک ہونے والا ہے۔ عالمی چمپئن شپ میں برونز میڈل اور چھ ایشیائی چمپئن شپ کے میڈلس کے ساتھ شیوا 63.5 کلوگرام کے زمرے میں ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے نام پہلا ایشیائی میڈل شامل کرنا چاہیں گے۔ لولینا 75 کلوگرام کے زمرے میں مقابلہ کریں گی، جو اپنے سجے ہوئے سی وی میں ایشیائی کھیلوں کا ایک میڈل شامل کرنے کے لیے پرعزم ہے جس میں تین عالمی چمپئن شپ اور ایشیائی میڈلس ہیں۔ دریں اثنا نکہت جنہوں نے حال ہی میں دو عالمی چمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے والی ملک کی صرف دوسری خاتون باکسر بن کر تاریخ رقم کی ہے، بین الاقوامی سطح پر اپنا مقام برقرار رکھنے کی کوشش کریں گی۔ تلنگانہ میں پیدا ہونے والے نکہت نے 2022 کے کامن ویلتھ گیمز میں بھی گولڈ میڈل جیتا اور وہ 50 کلوگرام زمرے میں نظر آئیں گی۔ دیپک بھوریا جو حال ہی میں سب سے زیادہ مستقل مزاج ہندوستانی مکے بازوں میں سے ایک ہوکر چوٹی پر اپنا مقام جاری رکھے ہوئے ہیں، 51 کلوگرام فلائی ویٹ زمرہ میں مقابلہ کریں گے۔ 25 سالہ نوجوان نے حال ہی میں تاشقند میں مردوں کی عالمی چمپئن شپ میں ایک تاریخی برونز میڈل جیتا جہاں انہوں نے ٹوکیو اولمپکس کے برونز میڈل جیتنے والے اور2021 کے عالمی چمپئن قازقستان کے ساکن بیبوسینوف کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ایک اور عالمی چمپئن شپ میں برونز میڈل جیتنے والے نشانت دیو جوکہ ہندوستان کے بہترین نوجوان باکسروں میں سے ایک ہیں، ٹورنمنٹ میں اپنی شناخت بنانے کا ارادہ کریں گے کیونکہ وہ 71 کلوگرام زمرے میں ملک کی امیدیں ہیں۔
ایشین گیمز کے لیے مکمل اسکواڈ:
مرد: دیپک (51 کلوگرام)، سچن (57 کلوگرام)، شیوا تھاپا (63.5 کلوگرام)، نشانت دیو (71 کلوگرام)، لکشیا چاہر (80 کلوگرام)، سنجیت (92 کلوگرام) اور نریندر (92 کلوگرام)
خواتین: نکہت زرین (50 کلوگرام)، پریتی (54 کلوگرام)، پروین (57 کلوگرام)، جیسمین (60 کلوگرام)، اروندھتی چودھری (66 کلوگرام)، لولینا بورگوہین (75 کلوگرام)۔