ایشورپا کی گرفتاری کے مطالبہ کے ساتھ کانگریس کا احتجاج

   

میسور : کرناٹک کے ٹھیکیدار سنتوش پاٹل کی خودکشی کے معاملے میں سابق وزیر کے ایس ایشورپا کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے ضلع میسور اور دیہی کانگریس نے یہاں احتجاج کیا۔سابق وزیر اعلیٰ سدارمیا کی قیادت میں شہر کے گاندھی سرکل میں احتجاجی مظاہرہ ہوا جس میں کارکنوں اور لیڈروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرے میں میسور کانگریس کے لیڈران بشمول کے پی سی سی لیڈر آر دھروونرائن، ایم ایل اے ڈاکٹر یتندرا، تنویر سیٹھ، اور ایچ پی منجوناتھ موجود تھے ۔ تنویر سیٹھ نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ریاستی حکومت کی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے عوام کو گمراہ کر رہی ہے ۔ ٹھیکیدار سنتوش نے خودکشی کرنے سے پہلے اپنی موت کے پیچھے سابق وزیر ایشورپا کا ہاتھ ہونے کے بارے میں لکھا تھا۔احتجاج میں کانگریس لیڈروں نے کہا کہ اگر حکومت کو شبہ ہے تو 40 فیصد کمیشن لینے کے معاملے کی تحقیقات کرائی جائے ۔ حکومت کو ان تمام معاملوں پر واضح ہونا چاہیے ۔ بی جے پی اپنی عوامی حمایت کھو چکی ہے ۔