ایشوریا کی ہندوستانی موٹر اسپورٹس میں تاریخی کامیابی

   

پرتگال، 30 ستمبر (آئی اے این ایس ) بنگلور کی ایشوریا پسّے نے تاریخ رقم کرتے ہوئے بی پی الٹی میٹ رالی ریڈ پرتگال 2025 میں اپنی کلاس جیت کر ایشیا اور ہندوستان کی پہلی خاتون بن گئیں۔ یہ مقابلہ فیڈریشن انٹرنیشنل موٹر سائیکلنگ ورلڈ رالی ریڈ چمپیئن شپ (ڈبلیو ٹو آر سی) کا چوتھا مرحلہ تھا۔ رالی 2 خواتین کے زمرے میں حصہ لیتے ہوئے، 29 سالہ ایشوریا نہ صرف اپنی کلاس میں سبقت لے گئیں بلکہ مجموعی طور پر27 ویں مقام پر بھی آئیں، جو بین الاقوامی ستاروں سے بھرے میدان میں ایک تاریخی کامیابی ہے اور ہندوستانی موٹر اسپورٹس کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔ دنیا کی سب سے مشکل رالی ریڈ سیریز میں ایک پرائیویٹر کے طور پر مقابلہ کرتے ہوئے ایشوریا کی کامیابی صبر، خودمختاری اور مہارت کی بہترین مثال کے طور پر سراہا گیا ہے۔ ٹی وی ایس ریسنگ اور دیگر شراکت داروں کی حمایت سے انہوں نے ایشیا میں خواتین کے لیے موٹر اسپورٹس میں ایک مشعل راہ اور تحریک کا کردار ادا کیا ہے۔ ایشوریا نے اپنی فتح کے بعد کہا یہ جیت میرے لیے بہت معنی رکھتی ہے۔ ایشیا اور ہندوستان کی پہلی خاتون کے طور پر اس سطح پر کامیابی نہ صرف ایک ذاتی سنگ میل ہے بلکہ ہر اْس نوجوان لڑکی کے لیے پیغام ہے جو حدود سے آگے کے خواب دیکھتی ہے۔ میں ٹی وی ایس ریسنگ اور اپنے تمام شراکت داروں کی شکر گزار ہوں جنہوں نے اس لمحے کو ممکن بنایا۔ یہ رالی برداشت اور مہارت کا سخت امتحان تھی۔ جملہ 2,000 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا گیا، جس میں 1,225 کلومیٹر کے مقابلہ جاتی مراحل شامل تھے، جو چھ دنوں (پرولاگ سمیت) میں پورے پرتگال اور اسپین کے 100 فیصدگراول ٹریکس پر مشتمل تھے۔ ڈبلیو ٹو آر سی کے تحت فیڈریشن انٹرنیشنل موٹر سائیکلنگ اور فیڈریشن انٹرنیشنل موٹرنگ کی مشترکہ تنظیم میں منعقد ہونے والے اس رالی میں دنیا کے بہترین رائیڈرز شامل تھے، مگر ایشوریا نے اپنی شاندار کارکردگی کے ساتھ عالمی سطح پر اپنی بڑھتی ہوئی حیثیت کو اجاگرکیا۔ اس فتح کے ساتھ ایشوریا نے ڈکار رالی 2027 کے لیے اپنی مہم کو مزید مضبوط کیا ہے، جہاں وہ پہلی ہندوستانی خاتون بن کر دو پہیوں کی گاڑی پر مقابلہ کرنے اور ریس مکمل کرنے کا خواب رکھتی ہیں۔