ایشیاء کپ پر بھی کورونا کا سایہ،ٹورنمنٹ کے ملتوی ہونے کا خدشہ

   

دبئی ۔26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد خدشات کا شکار ہے۔ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے تاحال ملتوی شدہ اجلاس کے بارے میں اراکین کو آگاہ نہیں کیا۔ایشیا کپ کے مقام کا فیصلہ کرنے کے لیے اے سی سی کا اہم اجلاس مارچ کے اوائل میں دبئی میں مقرر تھا لیکن کورونا وائرس کے باعث اجلاس کو ملتوی کر دیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ آئی سی سی کے اجلاس کی سائیڈ لائنز پر اے سی سی کا بھی اجلاس ہوگا جس میں اہم فیصلے کر لیے جائیں گے۔آئی سی سی تو اپنے فیصلوں کے لیے ٹیلی کانفرنس کر رہی ہے لیکن اے سی سی کے اجلاس کا تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا۔ اس حوالے سے اے سی سی نے بھی مکمل خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔ نہ اے سی سی نے اپنے اراکین سے اس حوالے سے رابطہ کیا ہے اور نہ ہی میڈیا کے پوچھنے کے باوجود انہیں بتایا ہے۔ایشیاء کپ کی میزبانی پاکستان کو کرنا ہے لیکن ہندوستان کے پاکستان آکر نہ کھیلنے کی وجہ سے مقام کا فیصلہ ہونا باقی ہے، جس کے لیے دبئی اور ڈھاکہ کو امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔ذرائع نے کہا ہے کہ ایشیاء کپ کے انعقاد کو موجودہ صورتحال میں خطرہ کا ہے۔