دبئی ۔ 28 ستمبر (ایجنسیز) دبئی کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے گئے ٹی 20 ایشیاء کپ کے فائنل میچ میں ہندوستان نے پاکستان کو 5 وکٹس سے ہرادیا۔ پاکستان نے ہندوستان کو جیت کیلئے 147 رنز کا نشانہ دیا تھا جو اس نے 2 گیندوں قبل ہی حاصل کرلیا۔ ہندوستان کی صرف 20 رنز پر 3 بڑی وکٹ گرگئیں تھی، اس کے بعد تلک ورما نے 69 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ہندوستان کو میچ کا فاتح بنادیا۔ایشیاء کپ 2025ء میں پاکستان اور ہندوستان کی ٹیمیں تیسری بار مدمقابل تھیں، ہندوستان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ اچھی شروعات کے باوجود پاکستان کی ٹیم 19.1 اوور میں صرف 146 رنز بناسکی۔ جواب میں خراب شروعات کے باوجود ہندوستان نے 5 وکٹس پر 150 رنز بنا کر فتح حاصل کی۔ اس ٹورنمنٹ میں ہندوستان کے مقابل پاکستان کی یہ مسلسل تیسری شکست تھی۔ شاندار بیٹنگ کیلئے تلک ورما کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
پہلی وکٹ پر 84 رنز کی شراکت بنانے والی پاکستانی ٹیم نے صرف 62 رنز کے اضافے پر تمام وکٹ گنوائیں۔صاحبزادہ فرحان نے 57 ، فخر زمان نے 46 اور صائم ایوب نے 14 رنز کی اننگز کھیلی، باقی کوئی اور کھلاڑی خاطر خواہ پرفارمنس نہیں دے سکا۔