ایشیاکپ : ہندوستان کے میچز پاکستان میں نہیں ہوں گے

   

لاہور؍ نئی دہلی: ایشیاکپ 2023ء میں ہندوستان کے میچز پاکستان میں نہیں ہوں گے جبکہ ٹورنمنٹ کی میزبانی پاکستان کے پاس ہی ہے۔ ایشیا کپ کے دیگر میچز پاکستان میں ہی ہوں گے اور اس تعلق سے فارمولے پر عمل ہونے کی قوی امید ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل نئے فارمولے کو منظوری دے گی۔ ایشیا کپ کیلئے ہندوستان کے پاکستان نہ آنے پر تیسرے ملک میں میچز کا فارمولا دیا گیا ہے۔ ایشیاکپ کیلئے پاکستان کے نئے فارمولے کا اگلے چند روز میں فیصلہ متوقع ہے۔ نئے فارمولے پر عمل کی صورت میں پاکستان رواں برس ورلڈ کپ کیلئے ہندوستان نہیں جائے گا اور اس بارے میں پی سی بی نے آئی سی سی اور اے سی سی حکام کو آگاہ کر دیا ہے۔ پاکستان کے ورلڈ کپ کے میچز سری لنکا اور بنگلہ دیش میں منعقد کرانے کیلئے غور کیا جا رہا ہے۔ دریں اثناء ایشیاکپ 2023 کے کوالیفائنگ میچز کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔ رواں سال ستمبر میں اس ٹورنمنٹ کے انعقاد کا امکان ہے۔ اس لیگ میں کل 6 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ سری لنکا، ہندوستان، پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان پہلے ہی اس ٹورنمنٹ کیلئے کوالیفائی کر چکے ہیں۔ چھٹی پوزیشن کیلئے 10 ٹیمیں ایک دوسرے سے ٹکرانے کیلئے تیار ہیں، جس کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ کوالیفائنگ راؤنڈ کے میچز 18 اپریل سے کھیلے جائیں گے۔ سبھی میچز نیپال میں کھیلے جائیں گے۔ گروپ اے اور بی دونوں میں پانچ، پانچ ٹیمیں ہوں گی۔ گروپ اے میں عمان، نیپال، قطر، ملیشیا اور سعودی عرب شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں متحدہ عرب امارات، ہانگ کانگ، کویت، سنگاپور اور بحرین شامل ہیں۔ یہ سبھی میچز 2 علحدہ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔