اسلام آباد ۔7 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا ہے کہ ایشیاء کپ ہمیں تیسرے مقام پرکروانا پڑے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویسٹ انڈیز ٹیم کو پاکستان لانے کیلئے ماضی میں ہرکھلاڑی کو فی کس25ہزارڈالرز ادا کئے گئے تاہم اب پی سی بی نے کسی بیرونی کھلاڑی کو پاکستان آنے کیلئے اضافی قیمت ادا نہیں کی۔احسان مانی کے مطابق ایشیا ء کپ کا میزبان پاکستان ہی ہے تاہم ایونٹ ہمیں تیسرے مقام پرکروانا پڑے گا اور اگر ٹورنمنٹ پاکستان میں کروانے کی ضد کی تو ہندوستان نہیں آئے گا۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ ٹورنمنٹ سے متعلق ہندوستانی بورڈ جومرضی کہے ہمیں اس کی پروا نہیں ہے۔ایشیا کپ کا میزبان پاکستان ہے لیکن اس کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کشیدہ ہیں لہذا ایشیا کپ کا تیسرے مقام پر منعقد ہونے کے خدشات پہلے سے ہی ظاہر کئے جارہے ہیں۔
