لندن : پاکستان کے تیز گیند باز شاہین شاہ آفریدی اپنی خطرناک گیند بازی کیلئے مشہور ہیں۔ پاکستان کا یہ 23 سالہ نوجوان کھلاڑی اب بیاٹ سے بھی دھوم مچا رہا ہے۔ وہ اس وقت انگلینڈ میں ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں کھیل رہے ہیں۔ ایک میچ میں انہوں نے ایک ہی اوور میں 4 چھکے لگائے۔ اگر ہم ان کے مجموعی ٹی ٹوئنٹی ریکارڈ پر نظر ڈالیں تو وہ اب اپنے خسر شاہد آفریدی کی راہ پر چل پڑے ہیں۔ انہوں نے چوکوں سے زیادہ چھکے لگائے ہیں۔ ایشیا کپ ستمبر میں ہونے والا ہے۔ انہوں نے سبھی مخالف ٹیموں کو عملاً پیغام بھیج دیا ہے کہ وہ بیاٹ سے بھی میچ کا رخ بدل سکتے ہیں۔ شاہین آفریدی ناٹنگھم شائر کی طرف سے کھیل رہے ہیں۔ اگرچہ ان کی ٹیم کو ووسٹر شائر کے خلاف 56 رنز سے شکست ہوگئی، لیکن میچ کے 16ویں اوور میں شاہین نے آف اسپنر مچل بریسویل کے اوور میں 4 چھکے لگا کر ہنگامہ ضرور مچادیا۔ وہ 11 گیندوں پر 29 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے ایک چوکا اور 4 چھکے لگائے۔ میچ میں ووسٹر شائر نے پہلے کھیلتے ہوئے 5 وکٹوں پر 226 رنز بنائے تھے۔ جواب میں ناٹنگھم شائر کی ٹیم 18.2 اوورز میں 170 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ شاہین آفریدی اب تک 148 میچوں میں 364 رنز بنا چکے ہیں۔ انہوں نے 25 چوکے اور 26 چھکے لگائے ہیں۔ اس لیفٹ آرم فاسٹ بولر نے 21 کی اوسط سے 206 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔ 19 رنز کے عوض 6 وکٹیں ان کی بہترین کارکردگی ہے۔ 4 مرتبہ 4 اور 5 مرتبہ 5 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اس سے ان کی بہترین گیندبازی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ شاہد آفریدی کی بات کریں تو انہوں نے بھی ٹی ٹوئنٹی میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 250 سے زیادہ چھکے لگائے اور 347 وکٹیں بھی لی ہیں۔