لاہور۔30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) ایشیا کپ کی میزبانی کا تنازعہ آئندہ ماہ حل ہونے کی توقع ہے جب فروری میں ایشین کرکٹ کونسل کے حکام اس مسئلے پر تبادلہ خیال کریں گے اور رواں برس ستمبر میں ٹی 20 فارمیٹ کے تحت کھیلے جانے والے ٹورنمنٹ کے پاکستان میں انعقاد پر بات چیت ہوگی جس کی اے سی سی ذرائع نے تصدیق کردی ہے۔ اگرچہ پاکستان کو ایونٹ کی میزبانی پہلے ہی سونپی جا چکی ہے لیکن ہندوستان کی جانب سے پاکستان آنے سے انکار کے باعث ٹورنمنٹ غیر یقینی صورتحال کا شکار ہوگیا کیونکہ دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی بدستور برقرار ہے۔ ایشین کرکٹ کونسل کے ذرائع کے بموجب اس سال پاکستان کو میزبانی کیلئے منتخب کیا گیا تھا اور یہ اسی کا استحقاق ہے کہ وہ ٹورنمنٹ کی میزبانی کرنا چاہتا ہے یا نہیں لہٰذااجلاس کے دوران یہی بات پوچھی جائیگی۔واضح رہے کہ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان اس تاثرکو مسترد کرچکے ہیں کہ انہوں نے بنگلہ دیش سے دورہ پاکستان کے بدلے میں ایشیا کپ کا معاہدہ کیا ہے کیونکہ ایونٹ کی میزبانی وہ خود کرنا چاہتے ہیں۔ دفاعی چمپئن ہندوستان کی جانب سے پاکستان آنے سے انکار پر اس کیخلاف کسی بھی قسم کی کارروائی سے متعلق اے سی سی ذرائع نے کہا کہ اس بارے میں فی الوقت کوئی تبصرہ نہیں کیا جا سکتا۔یاد رہے کہ ایشیا کپ کے 14 ایونٹس میں سے ہندوستان نے 7مرتبہ کامیابی حاصل کی ہے جبکہ پاکستان اور سری لنکا نے فی کس دو مرتبہ ٹرافی جیتی۔
