پاکستان اور سری لنکا میں جاری ایشیا کپ ونڈے کرکٹ ٹورنمنٹ میں اتوار کو اس ایونٹ میں دوسری مرتبہ ہندوستان اور پاکستان کا مقابلہ ہوگا۔ لیگ مرحلے میں دونوں کٹر حریفوں کا میچ جو سری لنکا کے پالی کیلے میں کھیلا گیا، انڈین اننگز کے بعد بارش کے سبب رد کردینا پڑا اور دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دیا گیا تھا۔ تاہم، روہت شرما اور بابراعظم دونوں کپتانوں کی ٹیمیں سوپر فور مرحلہ میں داخل ہوئیں جہاں تمام چار ملکوں کو ایک دوسرے کے ساتھ کھیلنا ہے۔ پاکستان نے اس مرحلہ میں بنگلہ دیش کو لاہور میں بہ آسانی شکست دے کر اچھی شروعات کرلی ہے۔ اب اتوار کو انڈیا اور پاکستان کولمبو میں کھیلیں گے۔ سری لنکا میں بارش کے امکانات کو دیکھتے ہوئے انڈیا ۔پاکستان سوپر فور میچ کیلئے محفوظ دن رکھا گیا ہے۔