ایشیا کپ میں ہند۔پاک مقابلہ 14 ستمبر کو ہوگا

   

دبئی،21 اگست (آئی اے این ایس)۔ ایشیاکپ میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والے میچ پر چھائے بحران کے بادل اب چھٹ گئے ہیں کیونکہ ہندوستانی حکومت نے اس میچ کو گرین سگنل دے دیا ہے۔ یہ میچ 14 ستمبرکو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ یاد رہے کہ پہلگام میں حملہ ہوا تھا جس میں کئی ہندوستانیوں کی جانیں گئی تھیں۔ اس کے بعد پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات کشیدہ ہوئے ہیں ۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تقریباً 4 دن تک جنگ کی صورتحال رہی۔ اس کے بعد یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ ایشیا کپ میں ہونے والا میچ نہیں ہو سکتا ہے ، لیکن اب وزارت کھیل نے اسے گرین سگنل دے دیا ہے۔ پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق وزارت کھیل نے واضح طور پرکہا ہے کہ ہند۔ پاک دو طرفہ سیریز نہیں کھیلی جائے گی لیکن کثیر ملکی ٹورنمنٹ میں یہ میچ نہیں روکا جائے گا۔ وزارت کھیل نے پاکستان پر خصوصی زور دیتے ہوئے ہندوستان کے بین الاقوامی تعلقات کے حوالے سے نئی پالیسی شروع کی ہے جو فوری طور پر نافذ العمل ہوگئی ہے۔ وزارت کھیل کی اس پالیسی کے مطابق ہندوستانی ٹیم پاکستان کے خلاف کوئی دو طرفہ سیریز نہیں کھیلے گی۔ اس کے علاوہ قومی ٹیم کسی بھی ٹورنمنٹ یا میچ کے لیے پاکستان نہیں جائے گی۔ نہ ہی پاکستانی ٹیم کو ہندوستان میں کھیلنے دیا جائے گا۔ وزارت نے واضح طور پرکہا ہم ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو ایشیا کپ میں کھیلنے سے نہیں روکیں گے کیونکہ یہ ایک کئی قومی ٹورنمنٹ ہے۔ وزارت کھیل کی یہ پالیسی صرف کرکٹ پر ہی نافذ نہیں ہوگی بلکہ اس میں دیگر کھیل بھی شامل ہوں گے۔ اس کا مطلب ہے کہ اب کوئی پاکستانی کھلاڑی کسی مقابلے کے لیے ہندوستان نہیں آسکے گا اور نہ ہی کوئی ہندوستانی کھلاڑی پاکستانی سرزمین پر قدم رکھ سکے گا۔ تاہم، دونوں ٹیمیں یا کھلاڑی بین الاقوامی ٹورنمنٹس میں ایک دوسرے کے خلاف کھیلتے ہوئے نظر آئیں گے۔