دبئی۔ 2 مارچ ۔ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے ایشیا کپ کی میزبانی کے حوالے سے بی سی سی آئی کے سربراہ سوروگنگولی کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی ایشیا کپ کے متبادل مقام کے حوالے سے فیصلہ نہیں ہوا۔ بی سی سی آئی کے صدر اور سابق کپتان سوروگنگولی نے کہا تھا کہ رواں سال مقرر ایشیاکپ کا متبادل مقام دبئی ہو گا لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے کہا ہے کہ اس بارے میں ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ رواں سال ستمبر میں مجوزہ ٹی20 ایشیا کپ میں کی میزبانی کے حقوق پاکستان کے پاس ہیں لیکن ہندوستانی ٹیم پاکستان آنے پر تیار نہیں جس کی وجہ سے ایونٹ کے پاکستان میں انعقاد غیریقینی صورتحال سے دوچار ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے کہا کہ ایشیا کپ اسوسی ایٹ ارکان کے فائدے کے لیے منعقد کیا جاتا ہے، ہم اس بات کو ذہن میں رکھ کر فیصلہ کریں گے، حتمی فیصلہ تمام ایشیائی ممالک کے مفادات کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا، ہمارے پاس چند متبادل راستے ہیں۔بی سی سی آئی کے صدر نے گنگولی نے کہا تھا کہ ایشیا کپ دبئی میں منعقد ہوگا اور ہندوستان اور پاکستان دونوں کھیلیں گے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ایشیا کپ کی میزبانی کے حقوق ہندوستان کے پاس تھے لیکن ہند۔پاک کشیدگی کے سبب اس ایونٹ کی میزبانی بھی دبئی اور ابوظہبی نے کی تھی۔
