دبئی۔29 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) ایشین کرکٹ کونسل کا اہم اجلاس 3 مارچ کو دبئی میں ہو گا، جس میں ایشیا کپ 2020 کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔ پاکستان میں ایشیا کپ نہ ہونے کی صورت میں متحدہ عرب امارات کا مقام مضبوط امیدوار ہے۔ ایشین کرکٹ کونسل کے اہم اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان شریک ہوں گے۔اجلاس میں ایشیا کپ 2020 کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا، جس کی میزبانی ستمبر میں پاکستان کو کرنا ہے تاہم ذرائع نے کہا ہے کہ ہندوستان کی عدم شرکت کے باعث ایشیا کپ کے پاکستان میں ہونے کے امکانات کم ہیں۔ 2018 میں ایشیا کپ کا میزبان ہندوستان تھا لیکن پاکستانی ٹیم کے ہندوستان جاکر کھیلنے میں حائل مشکلات کے باعث ایونٹ متحدہ عرب امارات میں کروایاگیا تھااورایک مرتبہ پھر ایشیا کپ کے متحدہ عرب امارات میں ہون کے امکانات زیادہ ہیں۔ ذرائع نے یہ بھی کہا ہیکہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ بھی میزبانی کے لیے اپنی دعویداری پیشکش کرے گا۔
