میدک ۔ 26 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ایشیا کی دوسری بڑی خوبصورت کرسچن گرجاگھر چرچ آف ساؤتھ انڈیا میدک میں کرسمس تقاریب کا نہایت جوش و خروش کے ساتھ انعقاد عمل میں آیا۔ 25 ڈسمبر کی اولین ساعتوں میں بشپ حلقہ ڈیاسیس میدک پروفیسر ریور اینڈ ڈاکٹر رابن مارگ نے ان کی مقدس کتاب بائبل کے چند خصوصی اقتباسات سناتے ہوئے کہا کہ سبھی کو چاہئے کہ امن و اخوت کے پیغام کو عام کریں۔ ملک کی ترقی کے لئے دعا کریں۔ کرسمس کے تہوار پر یہاں قریب 12 لاکھ سے زائد زائرین و عقیدت مندوں نے اپنی پرارتھنا کی۔ احاطہ مشن کمپاؤنڈ میں پولیس آؤٹ پوسٹ قائم کیا گیا ہے۔ کانگریس کے ریاستی قائد سابق رکن اسمبلی میدک و ملکاجگری مائنم پلی ہیمنت راؤ نے قائدین کے ہمراہ گرجا گھر پہنچ کر کرسمس کیک کاٹا اور کرسمس کی مبارکباد پیش کی۔ اس طرح بی آر ایس صدر ضلع میدک سابق رکن اسمبلی ایم پدما دیویندر ریڈی، سابق ایم ایل سی ایس سبھاش ریڈی نے بھی اپنے قائدین کے ساتھ چرچ پہنچ کر کرسمس کیک کاٹا، سبھی قائدین کو فادر آف چرچ اور سوسائٹی قائدین مسرز کیکن، سمپت، سیمن بانی، شینل نے شال پوشی کرتے ہوئے تہنیت پیش کی۔ یہاں یہ بتانا بے محل نہ ہوگا کہ چرچ آف ساؤتھ انڈیا جو عیسائی برادری کا ایشیا کا دوسرا بڑا کلیسا ہے جس کی تعمیر کے 101 سال مکمل ہوچکے ہیں۔ 173 فٹ اونچائی کے خوبصورت چرچ کی عمارت برقی قمقموں سے مکمل سجایا یہاں ہمیشہ کی طرح نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔ جہاں حیدرآباد اور ضلع میدک سے کئی تاجرین اسٹالس لگائے۔ دور دراز کے مقامات حیدرآباد، بیدر، گلبرگہ، ناندیڑھ اور تلنگانہ کے دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے کرسچن برادری کی ایک بڑی تعداد اولین ساعتوں میں میدک چرچ آکر دعائیہ اجتماع میں شرکت کرکے واپس لوٹتے ہیں۔
