ایڈیلیڈ،17 دسمبر (یواین آئی )ایشیز سیریزکے تیسرے میچ کے پہلے روز اختتام تک آسٹریلیا نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 326 رنز بنالیے ۔ ایڈیلیڈ میں کھیلے جارہے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو اوپنرز جلد ہی پویلین لوٹ گئے ۔ جیک ویدرالڈ18 اور ٹریوس ہیڈ10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔گزشتہ روز آئی پی ایل میں سب سے مہنگے فروخت ہونے والے کیمرون گرین بغیرکوئی رن بنائے ہی پویلین لوٹ گئے ۔ عثمان خواجہ اور ایلکس کیری کے درمیان91 رنزکی شراکت نے آسٹریلوی ٹیم کو سہارا دیا۔ میچ سے20 منٹ قبل اسٹیو اسمتھ کے بدلے ٹیم میں جگہ حاصل کرنے والے عثمان خواجہ نے ٹیم کو مکمل تباہی سے بچا لیا۔ عثمان خواجہ نے82 رنزکی اننگزکھیلی126 گیندوں کا سامنا کیا اور10 چوکے مارے ۔ جوش انگلش نے39 گیندوں میں4 چوکوں کی بدولت32 رنز بنائے جبکہ کپتان پیٹ کمنز نے13 رنز اسکور کئے اور وکٹ کیپر بیٹر الیکس کیری نے143 گیندوں میں8 چوکوں اور1 چھکے کی بدولت 106 رنز بنائے ۔ دن کے اختتام پر آسٹریلیا کی جانب سے وکٹ پر مچل اسٹارک33 رنز کے ساتھ موجود ہیں جبکہ ان کے ساتھ نتھن لیون صفر پرہیں ۔انگلش فاسٹ بولر جوفرا آرچر نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جبکہ برائڈن کرس اور ول جیک نے فی کس2 وکٹ حاصل کی اور جوش ٹنگ کے حصے میں آج ایک وکٹ آئی۔
