لندن، 23 ستمبر (آئی اے این ایس)۔ انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف پانچ ٹسٹ میچوں پر مشتمل ایشیز سیریز اور اس سے پہلے نیوزی لینڈ کے وائٹ بال دورے کے لیے اپنی ٹیموں کا اعلان کردیا ہے۔ بن اسٹوکس ٹیم کی قیادت کریں گے حالانکہ وہ ابھی کندھے کی تکلیف سے صحتیاب ہو رہے ہیں، جس کے باعث وہ اس سال کے اوائل میں ہندوستان کے خلاف پانچویں ٹسٹ سے باہر ہوئے تھے۔ ایشیز ٹیم تجربہ اور دھماکہ خیز کارکردگی رکھنے والے کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، جس میں اسپنر شعیب بشیرکی واپسی بھی شامل ہے، جو ہندوستان کے خلاف سیریز کے دوران انگلی کی تکلیف کی وجہ سے باہر ہوگئے تھے۔ اسی طرح فاسٹ بولر مارک ووڈ بھی گھٹنے کی تکلیف سے صحتیاب ہو کر واپس آگئے ہیں۔ یہ سیریز جاری ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ سائیکل میں انگلینڈ کا دوسرا بڑا چیلنج ہوگا۔ اس سے قبل انہوں نے اس موسم گرما میں ہندوستان کے خلاف سنسنی خیز پانچ میچوں کی سیریزکھیلی تھی۔ ایشیز سے پہلے انگلینڈ نیوزی لینڈ کا دورہ کرے گا، جہاں وہ 18 اکتوبر سے تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ونڈے انٹرنیشنل میچزکھیلیں گے۔ دونوں فارمیٹس میں قیادت ہیری بروک کریں گے۔ ونڈے ٹیم میں جوس بٹلر، سیم کرن، لیام ڈاؤسن، ریحان احمد اور جوفرا آرچر جیسے اہم کھلاڑی شامل ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں فل سالٹ، جارڈن کاکس اور لوک ووڈ جیسے نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں۔ایشیز کے لیے ٹیم میں شامل کھلاڑی یہ ہیں: بن اسٹوکس (کپتان)، جوفرا آرچر، گس ایٹکنسن، شعیب بشیر، جیکب بیتھل، ہیری بروک، برائیڈن کارس، زیک کرولی، بین ڈکٹ، ول جیکس، اولی پوپ، میتھیو پوٹس، جو روٹ، جیمی اسمتھ، جوش ٹنگ اور مارک ووڈ۔
نیوزی لینڈ کے خلاف ونڈے سیزیز کیلئے انگلش ٹیم میں شامل کھلاڑی یہ ہیں: ہیری بروک (کپتان)، ریحان احمد، جوفرا آرچر، سونی بیکر، ٹام بینٹن، جیکب بیتھل، جوس بٹلر، برائیڈن کارس، سیم کرن، لیام ڈاؤسن، بین ڈکٹ، جیمی اوورٹن، عادل رشید، جو روٹ، جیمی اسمتھ اور مارک ووڈ۔
ٹی 20 ٹیم میں شامل کھلاڑی یہ ہیں: ہیری بروک (کپتان)، ریحان احمد، سونی بیکر، ٹام بینٹن، جیکب بیتھل، جوس بٹلر، برائیڈن کارس، جارڈن کاکس، زیک کرولی، سیم کرن، لیام ڈاؤسن، جیمی اوورٹن، عادل رشید، فل سالٹ، مارک ووڈ۔
یاد رہے کہ انگلینڈ کا دورہ نیوزی لینڈ 18 اکتوبر کو شروع ہوگا اور یکم نومبر تک جاری رہے گا۔ اس کے بعد انگلینڈ اپنی اگلی منزل آسٹریلیا جائے گا، جہاں ایشیز سیریز21 نومبر سے 7 جنوری 2026 تک کھیلی جائے گی اور مسابقتی سیریز کی امید ہے ۔