لارڈز۔ 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان تاریخی ایشز سیریز میں چند نئے قوانین متعارف کرنے کے ساتھ ایک اور انقلابی تبدیلی متعارف کی گئی ہے ۔انگلینڈ اورآسٹریلیا کے درمیان ایشز سیریز کا آغاز یکم اگست کو ہو رہا ہے اور اس سیریز میں ایک نئی تبدیلی متعارف کروائی جائے گی جس کے تحت کھلاڑیوں کی جرسی کی پشت پر نمبر اور نام بھی چسپاں ہو گا۔ اس سے قبل ونڈے اور ٹی20 کرکٹ میں کھلاڑیوں کی جرسی پر نام اور نمبر لکھنے کا رواج کافی پہلے متعارف کرا دیا گیا تھا لیکن ٹسٹ کرکٹ کو روایتی جرسی میں کھیلنے پر ہی اکتفا کیا گیا۔تاہم اب ایشز سیریز کے ذریعے تجرباتی بنیادوں پر جرسی پر نمبر اور نام کی تبدیلی کو آزمایا جائے گا اورکھلاڑیوں اور عوام کے ردعمل کی روشنی میں اسے مستقبل میں اپنانے یا ترک کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔انگلینڈ کی ٹیم کے کپتان جیو روٹ کی نئی جرسی کے ساتھ تصویر سامنے آنے کے بعد اس بات کی تصدیق ہو گئی ہے کہ اس سیریز میں ٹسٹ کرکٹ ایک نئی کٹ میں کھیلی جائے گی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ٹسٹ کرکٹ میں تو آج تک اس طرح کی کٹ استعمال نہیں کی گئی لیکن انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ڈومیسٹک کرکٹ کے چار روزہ میچوں میں کھلاڑیوں کی کٹ پر نام اور نمبر چسپاں ہوتا ہے۔ یاد رہے کہ اس سال ایشز سیریز کے ساتھ ٹسٹ چمپیئن شپ کا بھی آغاز ہو رہا ہے جس میں کئی قوانین متعارف کروائے جا رہے ہیں۔ نئے قوانین کے تحت اگر کوئی کھلاڑی سر پر گیند لگنے کی صورت میں بیٹنگ یا بولنگ کے قابل نہیں رہتا تو میچ ریفری کی اجازت سے اس کے متبادل کو میدان میں اتارا جا سکے گا۔علاوہ ازیں اب سلو اوور ریٹ پر صرف کپتان پر پابندی نہیں لگے گی بلکہ پوری ٹیم کو ناصرف یکساں سزا ملے گی بلکہ اس کے ساتھ ٹیم بھی فی اوور دو پوائنٹس سے محروم ہو جائے گی۔
سرفراز کو ہی کپتان برقرار کھنا چاہئے:عبدالقادر
کراچی۔ 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) سابق ٹسٹ کرکٹر عبدالقادرنے کہا ہے کہ وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کو تینوں فارمیٹس کیلئے کپتان برقرار رکھنا چاہئے کیونکہ یہ انصاف کے منافی بات ہو گی کہ کپتان کو صرف اس بنیاد پر برطرف کردیا جائے کہ اس کی زیرقیادت ٹیم ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل نہیں کر سکی۔