برمنگھم۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ونڈے میں عالمی چمپین کا پہلی مرتبہ اعزاز حاصل کرنے کے بعد انگلش ٹیم اپنے مضبوط قلعے ایجبسٹن پہنچ چکی ہے جہاں کل وہ آسٹریلیا کے خلاف ایشیز سیریز کا پہلا ٹسٹ کھیلے گی، اس کی کوشش ہوگی کہ وہ 50 اوورس کی کرکٹ میں اپنی حکمرانی ثابت کرنے کے بعد ایشیز سیریز بھی اپنے نام کرے۔ انگلینڈ جوکہ 2005ء کے بعد پھر ایک مرتبہ گھریلو میدانوں پر ایشیز سیریز میں کامیابی کیلئے کوشاں ہیں جبکہ دوسری جانب آسٹریلیائی ٹیم بال ٹیمپرنگ تنازعہ کو پس پشت ڈالتے ہوئے سیریز میں اپنی حکمرانی کو برقرار رکھنے کی خواہاں ہے۔ بال ٹیمپرنگ کی وجہ سے کپتان اسٹیو اسمتھ ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بین کرافٹ کو پابندی برداشت کرنی پڑی جبکہ اسمتھ کو اپنی قیادت بھی گنوانی پڑی۔ اسمتھ اور وارنر نے ورلڈ کپ میں واپسی کرتے ہوئے ونڈے ٹیم میں اپنی اہمیت ثابت کردی ہے تو دوسری جانب بین کرافٹ ٹسٹ کرکٹ میں اپنی اہمیت کو ثابت کرنے کیلئے کوشاں ہوں گے۔ انگلش ٹیم میں ورلڈ کپ کے کئی اسٹار کھلاڑی شرکت کررہے ہیں جس میں آرچر قابل ذکر ہیں۔ اس کے علاوہ انگلینڈ کیلئے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے فاسٹ بولر جیمس اینڈرسن کی بھی واپسی ہورہی ہے۔ آئرلینڈ کے خلاف لارڈس ٹسٹ کی پہلی اننگز میں 85 رنز پر ڈھیر ہونے والی انگلش ٹیم بہتر مظاہرہ کیلئے پرعزم ہیں۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں جیوروٹ اور ٹم پین کیلئے یہ سیریز اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو ثابت کرنے کا بھی موقع ہوگا کیونکہ اسمتھ کے قیادت سے ہٹنے کے بعد ٹسٹ کرکٹ کا کپتان بنایا گیا ہے اور وہ روایتی ایشیز سیریز میں اپنی قائدانہ صلاحیتیں ثابت کرتے ہوئے آئی سی سی ٹسٹ چمپین شپ کا بھی کامیاب آغاز کرنے کیلئے کوشاں ہوں گے، دوسری جانب جیوروٹ جوکہ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا نہ صرف حصہ رہے بلکہ ایان مورگن کے نائب رہے ہیں لیکن اب وہ اپنی قیادت میں انگلش ٹیم کو ایشیز سیریز واپس دلوانے کیلئے کوشش کریں گے۔