ایشین چمپئنز ٹرافی کے لیے ہندوستانی ہاکی ٹیم کا اعلان

   

نئی دہلی۔کرشن بہادر پاٹھک کو پی آرسریجیش کی سبکدوشی کے بعد آئندہ ایشین چمپئنز ٹرافی کے لیے ہرمن پریت سنگھ کی کپتانی میں 18 رکنی ہندوستانی ہاکی ٹیم کا مرکزی گول کیپر بنایا گیا ہے۔ ٹورنمنٹ میں ہندوستان، کوریا، ملائیشیا، پاکستان، جاپان اور میزبان چین شرکت کریں گے۔ یہ ٹورنامنٹ 8 سے 17 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔ سریجیش نے پیرس اولمپکس میں مسلسل دوسرا برونز میڈل جیتنے کے بعد ہاکی کو الوداع کہا تھا۔ پاٹھک جو پیرس اولمپکس میں ہندوستان کے اسٹینڈ بائی گول کیپر تھے، اب مرکزی گول کیپر ہوں گے جبکہ سورج کرکیرا ریزرو گول کیپر ہوں گے۔ تجربہ کار مڈفیلڈر وویک ساگر پرساد کو نائب کپتان بنا دیا گیا ہے۔ باقاعدہ نائب کپتان ہردک سنگھ، مندیپ سنگھ، للت اپادھیائے، شمشیر سنگھ اور گرجانت سنگھ کو آرام دیا گیا ہے۔ یہ ہندوستان کے ابھرتے ہوئے ڈریگ فلکر جگراج سنگھ جونیئر کے لیے بھی ایک سنہری موقع ہوگا۔ انہوں نے پرو لیگ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔اریجیت سنگھ ٹیم کے تیسرے ڈریگ فلکر ہوں گے۔ دفاع کی ذمہ داری جرمان پریت سنگھ، امیت روہیداس، ہرمن پریت سنگھ، جگراج سنگھ، سنجے اور سمیت پر ہوگی۔ راجکمار پال، نیلاکانتا شرما، منپریت سنگھ اور محمد راحیل مڈ فیلڈ میں ہوں گے۔ ابھیشیک، سکھجیت سنگھ، جونیئر ٹیم کے کپتان اتم سنگھ اورگرجوت سنگھ فارورڈ لائن میں ہوں گے۔ پیرس اولمپکس میں برونز میڈل جیتنے والی ٹیم کے دس ارکان اس ٹیم میں شامل ہیں۔ کوچ کریگ فلٹن نے ہاکی انڈیا کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ یہ ہمارے لیے ایک اہم ٹورنمنٹ ہے۔ ٹیم پیرس اولمپکس میں برونز میڈل جشن کے بعد کیمپ میں واپس آئی۔ انہوں نے کہا پچھلے چند ہفتے شاندار رہے ہیں جب ٹیم کو بے پناہ محبت ملی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ یہ حمایت جاری رہے گی۔ ایشین چمپئنز ٹرافی ایک نیا اولمپک سائیکل شروع کر رہی ہے اور ہم چیلنج کے لیے تیار ہیں۔ ہندوستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 8 ستمبرکو چین کے خلاف کھیلے گی۔ اس کے بعد جاپان (9 ستمبر)، ملائیشیا (11 ستمبر)، کوریا (12 ستمبر) اور پاکستان (14 ستمبر) سے مقابلے کھیلے جائیں گے۔ سیمی فائنل 16 ستمبر اور فائنل 17 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
ٹیم: گول کیپر: کرشن بہادر پاٹھک، سورج کرکیرا۔ ڈیفینڈر: جرمان پریت سنگھ، امیت روہیداس، ہرمن پریت سنگھ، جگراج سنگھ، سنجے اور سمیت۔ مڈفیلڈر: راجکمار پال، نیلاکانتا شرما، وویک ساگر پرساد، منپریت سنگھ اور محمد راحیل۔ فارورڈ: ابھیشیک، سکھجیت سنگھ، اریجیت سنگھ ہنڈل، جونیئر ٹیم کے کپتان اتم سنگھ اور گرجوت سنگھ۔ ہیڈ کوچ: کریگ فلٹن۔