موسیٰ ندی ترقیاتی پراجکٹ کی تکمیل کیلئے مرکز کا اتفاق، اندرون دو ہفتے تفصیلی پراجکٹ رپورٹ کی پیشکشی
حیدرآباد ۔ 22 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) موسی ریور فرنٹ ترقیاتی پراجکٹ کیلئے تلنگانہ حکومت کو فنڈس کی فراہمی میں اس وقت راحت ملی جب ایشین ڈیولپمنٹ بینک نے پہلے مرحلہ میں 4100 کروڑ قرض فراہم کرنے سے اتفاق کیا ہے ۔ مرکزی حکومت نے ایشین ڈیولپمنٹ بینک سے پراجکٹ کیلئے قرض کے حصول کو منظوری دی ۔ ریاستی حکومت سے بینک معاہدہ کے مطابق پہلے مرحلہ میں 4100 کروڑ جاری کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق تین خانگی کمپنیوں سے تفصیلی پراجکٹ اور منصوبہ اندرون دو ہفتے داخل کیا جائے گا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی نئی دہلی میں ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے نمائندوں سے گفتگو کے بعد قرض کی منظوری میں پیشرفت ہوئی ہے ۔ چیف منسٹر کی ہدایت پر بلدی نظم و نسق عہدیداروں نے مرکزی وزارت فینانس کے عہدیداروں سے بات کی۔ پراجکٹ کے تحت حکومت کوتوال گوڑہ میں گیٹ وے آف حیدرآباد اور باپو گھاٹ پر گاندھی سروور تعمیر کرے گی۔ حکومت نے مہاتما گاندھی کے بلند قامت مجسمہ کو نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو دنیا کا بلند ترین مجسمہ ہوگا۔ گاندھی کے فلسفہ کو فروغ دینے میوزیم کے قیام کی تجویز ہے ۔ اس پراجکٹ کے لئے حکومت کو وزارت دفاع سے 250 ایکر اراضی کی منتقلی ضروری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وزارت دفاع نے 100 ایکر اراضی کی منتقلی سے اتفاق کیا اور باقی اراضی کے لئے مذاکرات جاری ہیں۔ پراجکٹ کی تیاری میں شامل عہدیداروں کے مطابق موسیٰ ندی کی مکمل صفائی کے علاوہ واکنگ ٹریک ، شاپنگ مال ، تفریحی پارک ، منی تھیٹر اور دیگر ترقیاتی امور منصوبہ کے تحت شامل ہیں۔ موسیٰ ندی کے اطراف کے علاقوں کو تفریحی مراکز کے طور پر ترقی دی جائے گی اور تلنگانہ اور قومی اہم شخصیتوں کے مجسمے نصب کئے جائیں گے۔ پراجکٹ کے تحت ایچ ایم ڈی اے حدود میں 55 کیلو میٹر تک موسیٰ ندی کی صفائی اور ترقی کا منصوبہ ہے ۔ حکومت نے منچی ریولا میں واقع 800 سالہ طویل لارڈ شیوا مندر ، چارمینار کے قریب واقع مسجد ، سکھ چھاؤنی میں گردوارہ اور اپل میں میدک کے طرز پر چرچ کی ترقی کا منصوبہ بنایا ہے۔ گیٹ وے آف حیدرآباد کو شہر کے مختلف علاقوں کو مربوط کرنے کیلئے نئی سڑکیں بچھائی جائیں گی اور اطراف میں اسپیشل اکنامک زونس قائم کئے جائیں گے۔ آؤٹر رنگ روڈ سے چنچولی ہائی وے کو مربوط کرتے ہوئے گرین فیلڈ روڈ تعمیر کی جائے گی جس کے ذریعہ تین انڈسٹریل پارک کو سہولت ہوگی۔ گنڈی پیٹ تا راموجی فلم سٹی موسیٰ ندی سے متوازی سڑک کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ نئی سڑک کی تعمیر سے گنڈی پیٹ تا آؤٹر رنگ روڈ راموجی فلم سٹی کا موجودہ 85 کیلو میٹر کا فاصلہ گھٹ کر 30 کیلو میٹر ہوجائے گا اور ٹریفک کی رکاوٹوں کے بغیر یہ مسافت طئے کی جاسکتی ہے۔ چیف منسٹر چاہتے ہیں کہ موسیٰ ندی میں صاف پانی بہایا جائے جو نلگنڈہ تک جاری رہے۔ موسیٰ ندی میں ڈرینج واٹر کے داخلہ کو روکنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔1