ہانگژو : ایشیائی کھیلوں میں واپسی کررہے کرکٹ کو اب کم از کم ایک سال مزید انتظار کرنا پڑے گا۔ ستمبر میں ہونے والے ایشین گیمز کو چین میں کورونا کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کی وجہ سے اگلے سال کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے ۔2010کے ایشین گیمز میں پہلی بار کرکٹ کھیلی گئی۔ 2014 میں سری لنکن ٹیم نے مردوں کے مقابلوں میں افغانستان کو شکست دے کر طلائی تمغہ جیتا تھا جب کہ خواتین کے مقابلوں میں پاکستان بنگلہ دیش کو شکست دے کر چیمپئن بنا تھا۔ اس کے بعد جب 2018 میں ایشین گیمز ہوئے تو کرکٹ دوبارہ مقابلے کا حصہ نہیں رہی۔ اب جب کرکٹ 2022 میں واپس لوٹ رہی تھی تو اس پر کورونا کے سائے منڈلانے لگے ۔ہندوستان نے اب تک کبھی بھی ایشین گیمز کے کرکٹ ایونٹ میں حصہ نہیں لیا ہے ، لیکن سمجھا جاتا تھا کہ اس بار وہ مرد اور خواتین دونوں زمروں میں اپنی ٹیم بھیجے گا۔ چین میں گزشتہ چند دنوں میں کورونا کے معاملوں میں اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ ہفتے شنگھائی میں لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا تھا۔ 2020 سے کورونا کے پھیلنے کے بعد چین میں ونٹر اولمپکس 2022 کے علاوہ کھیلوں کا کوئی بڑا ایونٹ منعقد نہیں ہوا۔