ایشین گیمس کیلئے ہندوستانی ٹیم کا اعلان تلنگانہ کے 6 کھلاڑیوں میں عابد علی خان بھی شامل

,

   

حیدرآباد ۔ 19 ستمبر (سیاست نیوز) ہندوستان نے دوحہ میں منعقد شدنی 14 ویں ایشین چمپئن شپ کیلئے طاقتور 51 رکنی ٹیم کا اعلان کیا ہے تاکہ اولمپک میں زیادہ سے زیادہ ہندوستانی کھلاڑیوں کی رسائی ممکن ہوسکے ۔ ایشین چمپئن شپ کا دوحہ میں 3 نومبر کو آغاز ہورہا ہے۔ قطر کے دارالحکومت میں منعقد ہونے والے اس ایونٹ کے ذریعہ ہندوستانی نشانہ بازوں کے پاس 38 اولمپک کے مقامات حاصل کرنے کا موقع رہے گا۔ نیشنل رائفل اسوسی ایشن آف انڈیا (این آر اے آئی) نے یہاں منعقدہ ایک اجلاس میں ہندوستانی نشانہ بازوں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ معلنہ ٹیم نے 15 اولمپک ایونٹ میں شرکت کیلئے کھلاڑیوں کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔ منتخب کھلاڑیوں میں ایم کیو ایس سیکشن کے سنجیو راجپوت قابل ذکر ہیں جنہیں 10 میٹر ایر رائفل ایونٹ کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ 50 میٹر خواتین کی ٹیم میں تیجسونی ساونت، گائتری اور کاجل کے نام شامل ہیں جبکہ جونیر زمرہ میں بھکتی، مشل اور آیوشی کو موقع دیا گیا ہے۔ 10 میٹر ایر رائفل یوتھ وومن ٹیم میں زیناکٹا، نوپور پٹیل، جسمین کور شامل ہیں۔ معلنہ ٹیم میں قابل ذکر ایک اور نام 50 میٹر رائفل جونیر مین ٹیم میں عابد علی خان کو موقع فراہم کرنا بھی قابل ذکر ہے۔ ریاست تلنگانہ میں عابد علی خان کے علاوہ گگن نارنگ، کینان چینائی، آیوش رودرا راجو اور دھنش سریکانت قابل ذکر ہیں۔ اس کے علاوہ ای شاشاسنگھ کو بھی ریاست کی نمائندگی کا موقع ملا ہے۔ ہندوستانی ٹیم 50 میٹر رائفل کے مختلف زمروں میں، 10 میٹر، 25 میٹر ٹراپ اور اسکیٹ کے مرد و خواتین کے علاوہ جونیر زمرہ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرے گی اور آئندہ برس ٹوکیو میں منعقد شدنی اولمپکس میں رسائی کیلئے کوشاں ہوگی۔