ندن ۔ برطانیہ میں ایک غیر سرکاری ٹریبونل نے کہا ہے کہ سنکیانگ میں ایغور مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کی نسل کشی کی ذمہ داری چینی صدر شی جن پنگ پر عائد ہوتی ہے۔ تاہم بیجنگ نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ برطانوی دارالحکومت لندن میں وکلا اور انسانی حقوق کے کارکنان پر مشتمل ایک غیرسرکاری ٹریبونل نے چین کے سنکیانگ خطہ میں انسانی حقوق کی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہارکیا ہے۔ ایک بیان میں کہا گیا کہ وہاں ایغوروں اور دیگر اقلیتی نسلی گروہوں کے خلاف تشدد، انسانیت کے خلاف جرائم اور نسل کشی کی بنیادی ذمہ داری چینی صدر شی جن پنگ پر عائد ہوتی ہے۔ سنکیانگ میں چینی حکومت کی پالیسیوں اور کریک ڈاون کے خلاف پہلے بھی اس طرح کے الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں لیکن چین ہمیشہ ہی ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتا رہا ہے۔ اس بار بھی لندن میں واقع چینی سفارت خانے نے برطانوی معروف وکیل جیفری نائس کی سربراہی میں بنائے گئے اس ٹریبونل کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ ایک بیان میں کہا گیا کہ یہ دراصل چین کے دشمنوں کی طرف سے پھیلایا جانے والا نفرت پر مبنی سیاسی ایجنڈا ہے۔