ایفلو میں داخلوں کے لیے انٹرویوز کا طریقہ کار برخاست

   

حیدرآباد ۔ 9 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : انگلش اینڈ فارن لینگویجس یونیورسٹی (ایفلو ) نے داخلوں میں مزید شفافیت اور آسانی پیدا کرنے کی غرض سے ایک اہم اعلان کیا ہے کہ اس تعلیمی سال سے پوسٹ گریجویٹ ( پی جی ) میں داخلوں کے لیے انٹرویوز کے طریقہ کار کو برخاست کردیا گیا ہے اور اب داخلوں کے لیے امیدواروں کے لیے صرف اہلیتی امتحان تحریر کرنا ہی کافی ہوگا ۔ ایفلو ایم اے انگلش ، جرنلزم اینڈ ماس کمیونیکیشن ، کمپوشنل لینگوسٹک کے ہمراہ 14 پوسٹ گریجویٹ کورسز کی تعلیم دیتی ہے جس میں فرنچ ، جرمن ، روسی اور عربک کے مضامین بھی قابل ذکر ہیں اور ان کورسز میں داخلوں کے لیے اب تک یہ طریقہ کار تھا کہ اہلیتی امتحان 70 نمبرات کا لیا جاتا تھا جس کے بعد کامیاب امیدواروں کو انٹرویو کے لیے طلب کرتے ہوئے انہیں 30 نمبرات میں سے نشانات دئیے جاتے تھے لیکن چند طلبہ کو داخلہ اس لیے نہیں ملا کیوں کہ وہ اہلیتی امتحان میں کامیاب ہونے کے باوجود انٹرویو میں کامیاب نہیں ہوپاتے تھے ۔ دریں اثناء ایفلو کے وائس چانسلر پروفیسر ای سریش کمارنے میڈیا کو مطلع کیا ہے کہ اب طلبہ کے لیے انٹرویوز کا نظام برخاست کرتے ہوئے صرف اہلیتی امتحان کا طریقہ کار اختیار کیا جائے گا ۔ علاوہ ازیں پی جی سے پی ایچ ڈی تک اب یہی طریقہ کار اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ طلبہ کو اہلیتی امتحان کی بنیاد پر ہی داخلہ دیا جاسکے ۔۔