حیدرآباد :۔ مرکزی وزیر تعلیم ڈاکٹر رمیش پوکھریال ’ نیشنک ‘ نے انگلش اینڈ فارن لینگویجس یونیورسٹی
(EFLU) ، حیدرآباد کی جانب سے تیار کئے گئے ایک فری موبائل ایپ
’English pro ‘
کا آغاز کیا ہے ۔ ایفلو کے ایک میڈیا ریلیز کے مطابق اس موبائل ایپ کو اس سنٹرل یونیورسٹی نے اس کے یونیورسٹی کی سماجی ذمہ داری پروگرام کے تحت تیار کیا ہے اور اس کا مقصد انگلش زبان سیکھنے والوں کی مدد کرنا ہے اور ہندوستانی انداز میں ایک اچھے انگلش لب و لہجہ سے انہیں روشناس کروانا ہے ۔ یہ ایپ ابتدائی سیکھنے والوں کی ایک بہتر انداز میں مدد کرتا ہے اور یہ معیاری ہندوستانی انگلش کو فروغ دیتا ہے ۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ای سریش کمار نے بتایا کہ یہ نیا ایپ یونیورسٹی کے لرننگ ایپس سیریز میں پہلا ہے اور اس کے مزید ایڈوانسڈ ورژنس متعارف کئے جائیں گے ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ نئی قومی تعلیمی پالیسی 2020 اختراعی اور جامع ہے ۔ اس کا مقصد نوجوانوں کو حصول تعلیم کے لیے بیرونی ممالک کا رخ کرنے سے روکنا اور انہیں ہندوستان میں تعلیم حاصل کرنے اور ملک ہی میں خدمات انجام دینے کی ترغیب دینا ہے ۔ ایپ کی افتتاحی تقریب کو آن لائن منعقد کیا گیا ۔۔