ایف ڈی اے پینل کی کورونا ویکسین کی منظوری کی سفارش

   

واشنگٹن: امریکہ میں غذا اور ادویات کے نگراں ادارے (ایف ڈی اے) کے ایک خصوصی پینل نے طویل مشاورت کے بعد کرونا وائرس کے انسداد کے لیے تیار کردہ ویکسین کے ہنگامی بنیاد پر استعمال کی منظوری دے دی ہے۔ تاہم حتمی منظوری ایک سے دو روز میں ملنے کا امکان ہے۔جمعرات کو لگ بھگ نو گھنٹوں تک پینل نے امریکی دوا ساز کمپنی فائزر اور جرمن کمپنی بائیو اینڈ ٹیک کی کرونا ویکسین کے استعمال اور اس کے اثرات پر مشاورت کی۔ایف ڈی اے کے 22 رکنی پینل نے ان سوالات پر غور کیا کہ آیا ویکسین سے متعلق تمام سائنسی شواہد موجود ہیں؟ اس کے استعمال کے کیا فوائد اور کیا خطرات ہو سکتے ہیں۔مشاورت کے بعد پینل کے 17 ارکان نے ویکسین کے ہنگامی استعمال کی حمایت کے حق میں ووٹ دیا جب کہ چار ارکان نے اس کی مخالفت کی اور ایک رکن نے اس پر کوئی مو?قف نہیں اپنایا۔ویکسین کی مخالفت کرنے والے چار ارکان نے 18 برس سے کم عمر افراد کو ویکسین دینے پر تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ ویکسین کے تجربے کے دوران اٹھارہ سال سے کم عمر کے رضاکار بچوں کی تعداد بہت کم تھی۔ اس لیے ویکسین کے کم عمر افراد پر اس کے اثرات سے متعلق خدشات موجود ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے برطانیہ نے فائزر کی اسی ویکسین کی منظوری دی تھی جس کے بعد اسے ہنگامی بنیاد پر استعمال بھی کیا جا رہا ہے۔برطانیہ کورونا ویکسین کی منظوری دینے والا دنیا کا پہلا ملک ہے جہاں ٹیکہ اندازی کے عمل کے دوران بعض افراد میں الرجی کی شکایت بھی سامنے آئی تھیں۔